Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

چئیرمین پی ٹی آئی کی بہن کے خلاف 6 ارب روپے کے فراڈ کا مقدمہ درج

عظمیٰ خان نے اربوں کی زمین کوڑیوں کے بھاؤ خریدی، ترجمان اینٹی کرپشن
اپ ڈیٹ 11 جون 2023 10:08pm
فائل فوٹو
فائل فوٹو

چئیرمین پی ٹی آئی کی فیملی کا ایک اور میگا کرپشن اسکینڈل بے نقاب ہوگیا، سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ اور بہنوئی کے خلاف اربوں روپے کی زمین دھوکہ دہی سے خریدنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ڈاکٹر عظمیٰ خان نے اربوں روپے کی زمین دھوکہ دہی سے صرف 13 کروڑ میں خریدی۔ ان کے خلاف ضلع لیہ میں 5261 کنال اراضی غیر قانونی طور پر خریدنے کا الزام ہے۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق زمین دھوکہ دہی، فراڈ اور جعل سازی سے 22-2021 میں خریدی گئی۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان نے شوہر احد مجید سے مل کر جعلی انتقالات کروائے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طریقے سے خریدی گئی زمین ڈاکٹر عظمیٰ نے اپنے اور اپنے خاوند احد کے نام کی۔ دھوکہ دہی سے خریدے گئے رقبہ کی مالیت 6 ارب روپے سے زائد ہے۔

ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا کہ رقبہ تب خریدا گیا جب ایشین ڈویلپمنٹ بینک نے گریٹر تھل کنال منصوبے کا اعلان کیا۔ اس منصوبے کے تحت تھل کنال کے ذریعے بنجر زمینوں کو سیراب کرنا تھا۔ ڈاکٹر عظمیٰ خان کو تھل کنال منصوبے کا پہلے سے علم تھا۔

ترجمان کے مطابق جس کے بعد ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ان کے شوہر نے زمین کے مالکان سے زبردستی زمین خرید کر اپنے نام منتقل کی۔ زمین مالکان نے ڈاکٹر عظمیٰ وغیرہ کے خلاف مقامی تھانے میں زبردستی زمین خریدنے کی شکایات درج کروائیں۔ کچھ مقامی لوگوں نے جسٹس آف پیس میں بھی درخواستیں دیں۔

ترجمان کے مطابق دھوکہ دہی سے خریدی گئی زمین کا بعد ازاں غیر قانونی طور پر قبضہ لیا گیا۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ دھوکہ دہی میں ملوث دیگر افسران و اہلکاران کے کردار کا تعین دوران تفتیش کیا جائے گا۔ کرپٹ عناصر کے خلاف اینٹی کرپشن کی زیرو ٹالرنس پالیسی جاری رہے گی۔

imran khan

anti corruption

chairman pti

Uzma Khan

Imran Khan's Sisters

Mega Corruption Scandal