حافظ نعیم الرحمان نے میئر کراچی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمان نے میئر کراچی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ساتھ ہی کل ملک بھر میں یوم احتجاج منانے کا اعلان بھی کردیا۔
میئر کراچی کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ 15جون کو میئر کا الیکشن ہے، سندھ حکومت کی الیکشن کیلئے کی گئی ترمیم کو ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہے۔ میئر کے الیکشن سے قبل لوگوں کو اٹھانے کا سلسلہ جاری ہے، الیکشن کمیشن ان کی بی ٹیم کے طور پر کام کررہا ہے، لوگوں کو اٹھانے والے خود کو جمہوریت کا چیمپئن کہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے الزام عائد کیا کہ میئر کے انتخاب سے قبل جو لوگ غائب ہورہے ہیں اس کی ذمہ داری پیپلزپارٹی، حساس اداروں، رینجرز سمیت پولیس پر عائد ہوتی ہے، پیپلزپارٹی ملک توڑ دے گی لیکن مینڈیٹ تسلیم نہیں کرے گی، پیپلزپارٹی نے1970میں بھی مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا تھا۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ اتوار کو کراچی سمیت پاکستان بھر میں پیپلزپارٹی کے غیر جمہوری رویے کے خلاف احتجاج کرنے جارہے ہیں، کراچی میں شارع قائدین پر تحفظ کراچی مارچ کیا جائے گا۔
Comments are closed on this story.