Aaj News

ہفتہ, دسمبر 28, 2024  
25 Jumada Al-Akhirah 1446  

”اسحاق ڈار پاکستان کی معیشت کے ہٹ مین ہیں“

شاہ محمود قریشی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو
اپ ڈیٹ 10 جون 2023 05:25pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وہ حکومت جس کے 42 دن بقیہ رہ گئے ہیں انہوں نے 12 ماہ کا بجٹ دے دیا ہے، اسحاق ڈار پاکستان کی معیشت کے ”ہٹ مین“ ہیں۔

لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے بجٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میں نے بجٹ کا جو سرسری مطالعہ کیا ہے اس کے مطابق یہ بجٹ جھوٹ کا پلندہ ہے، جو آئی ایم ایف کا فریم ورک سے مطابقت نہیں رکھتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے دعوٰی کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف شاید اس بجٹ کے ٹارگٹ کو قبول کرنے میں دقت محسوس کرے، بجٹ کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ حکومت جس کے 42 دن بقیہ رہ گئے ہیں انھوں نے 12 ماہ کا بجٹ دے دیا ہے۔ نگران حکومت جب بھی آئے گی اس کو نظر ثانی کرنا ہوگی اور پھر آنے والی حکومت بھی اس میں ترمیم کرے گی۔ یہ وہ بجٹ ہے جس کی ترمیم مسلسل ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار پاکستان کی معیشت کے ”ہٹ مین“ ہیں، بجٹ میں الیکشن کے لیے پیسا رکھا ہے، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی شُنید خوش آئند ہے، مگر ڈار صاحب سے پوچھتا ہوں کہ اس کے لیے پیسہ کہاں سے آئے گا۔

جہانگیرترین کی نئی سیاسی جماعت کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے نئی پارٹی میں جانے کا فیصلہ کیا اس میں بڑے بڑے نام ہیں، نئی پارٹی کی لانچنگ ایسی ہی ہے جیسے ایمرجنسی میں ڈیتھ آن آرئیول۔

پی ٹی آئی کے مستقبل کے حوالے سے شاہ محمود نے نے کہا کہ تحریک انصاف ایک وفاقی جماعت ہے جس کی پہنچ شہر شہر گاوں گاؤں ہے، پی ٹی آئی ایک وفاقی سوچ کی جماعت ہے اور اس کا مستقبل روشن دکھائی دیتا ہے۔

واضح رہے کہ لاہورکی انسداد دہشت گردی عدالت نے شاہ محمود قریشی کی تین مقدمات میں عُبوری ضمانت کی درخواست منظو کی ہے۔ انہوں نے تھانہ ریس کورس، تھانہ گلبرگ اور سرور روڈ کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں دائر کی تھیں۔

عدالت نے پی ٹی آئی رہنما کی 27 جون تک عبوری ضمانت منظور کی اور پولیس کو شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرنے سے روک دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج اعجاز احمد بٹر نے ایک ایک لاکھ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

PTI protest

9 May

PTI Leaders Left Party