Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

غلاف کعبہ کو آج تین میٹر اوپر اٹھا دیا جائے گا

گزشتہ دو سالوں سے اس روایت پر عمل نہیں ہوسکتا تھا۔
شائع 10 جون 2023 08:37am

ایام حج میں حسب روایت غلاف کعبہ کو تین میٹر اوپر اٹھا دیا جاتا ہے، یہ عمل آج نماز عشاء کے بعد کیا جائے گا۔

حرمین شریفین انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہر سال موسم حج کے موقع پر روایت کے مطابق غلاف کعبہ کو تین میٹر اوپر اٹھایا جائے گا اور چاروں اطراف سفید کپڑے سے ڈھانپ دیا جائے گا۔

اس روح پرور تقریب میں غلاف کعبہ بنانے والی کسوہ فیکٹری کے ماہرین شرکت کریں گے۔

غلاف کعبہ کو دوران حجاج کے بار بار چھونے اور اسے پھٹنے سے بچانے کے لئے اوپر کر دیا جاتا ہے۔

ایام حج کے بعد غلاف کعبہ کو سابقہ پوزیشن پر بحال کر دیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ کورونا کی وجہ سے گزشتہ دو سالوں سے اس روایت پر عمل نہیں ہوسکتا تھا۔

اس حوالے سے حرم انتظامیہ کا کہنا تھا کہ غلاف کعبہ کو محفوظ رکھنے کے لیے اسے رمضان المبارک اور حج سیزن میں بلند کردیا جاتا ہے.

ان دنوں دنیا بھرسے لاکھوں کی تعداد میں عمرہ زائرین اور عازمین حج ارض مقدس آتے ہیں.

ان میں بعض لوگ غلاف کعبہ کا کچھ حصہ حاصل کرنے کے لیے اسے بلیڈ یا قینچی سے کاٹ لیتے ہیں۔

اس لیے غلاف کو ان مواقع پر بلند کردیا جاتا ہے۔

دوسری وجہ غلاف کعبہ کو بلند کرنے کی اسے صاف رکھنا ہے۔

بیشتر عازمین کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ غلاف سے لپٹیں اور اسے چومیں جس کی وجہ سے غلاف میلا ہو جاتا ہے۔

غلاف کعبہ کو سال میں دو بار بلند کرنے کا عمل برسوں سے جاری ہے اور یہ ایک طرح سے روایت کا حصہ بن چکا ہے۔

اسی لیے اس پر ہر برس عمل کیا جاتا ہے۔

غلاف کعبہ کو بلند کرنے کے لیے مخصوص ٹیمیں ہیں، جن میں 50 سے زائد افراد شرکت کرتے ہیں۔ جبکہ خصوصی سیڑھی بھی اس کام کے لیے مختص ہے۔

ghilaf e kaaba

Hajj 2023