Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

بجٹ: ہائر ایجوکیشن کے لئے 65 ارب اور ترقیاتی اخراجات کی مد میں 70 ارب روپے مختص

ایک لاکھ لیپ ٹاپ کے لئے آئندہ مالی سال میں 10 ارب روپے کی رقم مختص
شائع 09 جون 2023 11:05pm

مالی سال 2023 - 24 کے بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کے لئے موجودہ اخراجات میں 65 ارب اور ترقیاتی اخراجات کی مد میں 70 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ تعلیم کا شعبہ صوبائی ذمہ داری ہے لیکن وفاقی اس کی ترویج میں اپنا بھرپور حصہ ڈالتا ہے، اس حوالے کچھ اقدامات کئے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویزات کے مطابق آئندہ بجٹ میں ہائر ایجوکیشن کے لئے موجودہ اخراجات میں 65 ارب اور ترقیاتی اخراجات کی مد میں 70 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔

تعلیم کے شعبے میں مالی معاونت کے لئے پاکستان انڈومنٹ فنڈ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے، جس کے لئے بجٹ میں 5 ارب روپے رکھے جارہے ہیں، یہ فنڈ میرٹ کی بنیاد پر ہائی اسکول اور کالج کے طلبہ و طالبات کو وظائف فراہم کرے گا۔

طلبا کے لئے ایک لاکھ لیپ ٹاپ

لیپ ٹاپ اسکیم کو صوبہ پنجاب میں 2013 سے 18 تک کامیابی سے چلایا گیا تھا، رواں مالی سال میں وفاقی حکومت نے 1 لاکھ لاکھ لیپ ٹاپ میرٹ کی بنیاد پر مستحق طلبا میں تقسیم کا اجرا کیا، اسی اسکیم کو جاری رکھنے کے لئے آئندہ مالی سال میں 10 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

کھیل تعلیم کا لازمی حصہ ہے، بجٹ میں اسکول، کالج اور پروفیشنل کھیلوں میں ترقی کے لئے 5 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔

صحت

عوام کو صحت کی بہتر خدمات کی فراہمی، متعددی بیماریوں کے سدباب اور ان پر قابو پانے، طبی آلات کی فراہمی، ویکسینیشن اور صحت کے اداروں کی صلاحیت کار میں اضافے کے لئے 24 ارب روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔

budget 2023 24

Live coverage budget 2023 24