Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

میرے دل میں نصیر صاحب کی عزت مزید بڑھ گئی ہے، عدنان صدیقی

سندھی زبان سے متعلق بیان پر نصیر الدین شاہ نے غلطی کا اعتراف کرلیا
شائع 09 جون 2023 08:07pm

بھارت کے سینئر اور معروف اداکار نصیر الدین شاہ نے سندھی زبان سے متعلق بیان پر غلطی کا اعتراف کر لیا۔

دورانِ انٹرویو نصیر الدین شاہ نے کہا تھا کہ پاکستان میں بلوچی، دری اور دیگر زبانیں بولی جاتی ہیں جبکہ سندھی اب نہیں بولی جاتی۔

بیان پر صارفین نے اداکار کو آڑے ہاتھوں لیا اس کے علاوہ پاکستان کے متعدد اداکار و اداکارہ نے ان کے بیان پر تنقید کی۔

تاہم اب سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نصیر الدین شاہ نے اعتراف کیا کہ اس معاملے پر میں غلط تھا، پاکستان میں سندھی زبان نہ بولے جانے سے متعلق میرا بیان غلط تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ مراٹھی اور فارسی کےدرمیان تعلق کے بیان کو بھی غلط سمجھا گیا، میں نے کہا تھا بہت سے مراٹھی الفاظ فارسی زبان کے ہیں، میری نیت مراٹھی زبان کو نیچا دکھانا نہیں تھی، میرا مقصد ثقافتی تنوع کو بیان کرنا تھا۔

نصیر الدین شاہ کی جانب سے غلطی ماننے پر پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے ٹوئٹر پر لکھا کہ اپنی غلطی کا اعتراف کرنے کے لیے جرات اور عاجزی کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ غلطی پر معافی مانگنا درحقیقت انسان کے کردار کے بارے میں بتاتی ہے، نصیر صاحب کے حالیہ بیان کی وجہ سے میرے دل میں ان کے لیے عزت مزید بڑھ گئی ہے، اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا اور ذمہ داری لینے کے لیے عاجزی اور جرات کی ضرورت ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے 5 جون کو بھارتی یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں برصغیر کی زبانوں پر بات کرتے ہوئے سندھی زبان سے متعلق بے بنیاد دعویٰ کیا تھا، انہوں نے کہا تھا کہ اب سندھی زبان پاکستان میں نہیں بولی جاتی۔

پاکستانی مشہور شوبز شخصیات یاسر نواز اور منشا پاشا سمیت دیگر نے نصیر الدین شاہ کے پاکستان میں سندھی زبان کے بارے میں تبصرے کا مزاحیہ انداز میں جواب بھی دیا تھا۔

Adnan Siddiqui

Naseerudin shah