Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

نوسال قبل لاپتہ طیارے پرلطیفہ، ملائیشیا کے احتجاج پر سنگاپور نے معافی مانگ لی

ایک کامیڈین کے چٹکلے نے ملائیشیا اور سنگاپورمیں ہنگامہ برپا کردیا
شائع 09 جون 2023 03:30pm
طیارے میں سوار مسافروں کے اہلخانہ، تصویر/روئٹرز
طیارے میں سوار مسافروں کے اہلخانہ، تصویر/روئٹرز

ملائیشیا ائرلائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کی گمشدگی پر ایک کامیڈین کے چٹکلے نے ملائیشیا اورسنگاپورمیں ہنگامہ برپا کر دیا ہے۔

سنگا پوراور ملائیشیا کے وزرائے خارجہ نے نیویارک کے کامیڈی سیلر کلب میں سنائے جانے والے اس چٹکلے کی شدید مذمت کی ہے۔

کامیڈین جوسلین چیا کا تعلق سنگاپور سے ہے، انہوں نے اپنے سوشل اکاؤنٹس پر پُرمزاح 89 سیکنڈ کا ویڈیو کلپ شیئرکیا جس پر ملائیشیا کے عوام نے شدید غم وغصے کا اظہار کیا، جس پر سنگاپور کے وزیر خارجہ ویوین بالا کرشنن نے معافی مانگی۔ ملائیشیا میں سنگاپور کے ہائی کمشنر وانو گوپال مینن نے بھی’ تکلیف دہ بیان’ پر شہریوں سے معذرت کی۔

ہائی کمشنر وانو گوپال مینن نے لاپتہ طیارے سے متعلق خاتون کامیڈین کے ریمارکس اوراس حوالے سے کیے جانے والے تبصروں کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ چیا اب سنگاپور کی شہری نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’سنگاپور کی حکومت ایسے قول و فعل معاف نہیں کرتی جو دوسروں کو نقصان پہنچاتے ہیں، چیا اب سنگاپور کی شہری نہیں اوروہ ہمارے خیالات کی کسی طورعکاسی نہیں کرتیں‘۔

ملائیشین وزیر خارجہ زمبری عبدالقادر نے اپنے ردعمل میں کہا کہ چیا کا اقدام ملائیشیا کے شہریوں اور ایم ایچ 370 طیارہ متاثرین کی فیملیز کیلئے ’ہمدردی کی کمی‘ ظاہرکرتا ہے۔

ویڈیو میں ایسا رویہ دکھایا گیا ہے جو آداب واخلاقیات کیلئے پہچان رکھنے والے ایشیائی ممالک کی اقدار کے منافی ہے۔’

اس اقدام کے بعد کامیڈین کا ٹوئٹرمعطل کردیا گیا، رپورٹس کے مطابق انہوں نے اپنا انسٹاگرام پروفائل بھی ہٹا لیاہے جہاں یہ ویڈیو کلپ شیئرکیا گیا تھا تاہم ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر یہ اب بھی موجود ہے۔

اسٹریٹ ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وکیل سے کامیڈی بننے والی چیا اب امریکی شہریت حاصل کرچکی ہیں اور نیویارک میں کامیڈی سیلراور گوتھم کامیڈی کلب میں پرفارم کرتی ہیں۔

چیا نے مقامی اسٹینڈ اپ کامیڈین جیسن لیونگ کی جانب سے اس کلپ کی پسندیدگی پر انسٹاگرام اکاؤنٹ ہٹانے سے قبل لکھا تھا ’حیرت ہے لوگ لطیفوں کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں‘۔

کوالالمپور میں امریکی سفارت خانے کے سامنے جمعے کو چیا کے خلاف مظاہرے کا بھی منصوبہ بنایا گیا جبکہ بعض گروہوں کی جانب سے ملائیشیا میں چیا کے داخلے ان کے ملک میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کا مطالبہ بھی کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ 8 مارچ 2014 کو ملائیشیا ائرلائنز کی پرواز ایم ایچ 370 کوالالمپور سے بیجنگ جاتے ہوئے لاپتا ہو گئی تھی ، اس پرواز میں 239 مسافر سوار تھے اور اسے ایوی ایشن کی تاریخ کا سب سے بڑا پراسرار واقعہ مانا جاتا ہے۔

اس واقعے کے 9 سال بعد مارچ 2023 میں اس حوالے سے نیٹ فلکس پر دستاویزی فلم ’MH370: The Plane That Disappeared‘ریلیز کی گئی جس کے ڈائریکٹر لوئیز مالکنسن ہیں۔

اس فلم میں پرواز کی گمشدگی سے متعلق تفصیلی طور پرمختلف تھیوریز کی تفصیلی وضاحت کی گئی ہے جو تاحال یقینی طورپر ثابت نہیں ہوئیں ۔

Malaysia

SINGAPORE

Comedian Jocelyn Chia

MH370