Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پانامہ پیپرز میں نامزد 436 افراد کیخلاف جےآئی ٹی بنانے پر جواب طلب

آف شور کمپنی بنانا کوئی جرم نہیں، سپریم کورٹ کے ریمارکس
شائع 09 جون 2023 11:51am
سپریم کورٹ آف پاکستان۔ فوٹو — فائل
سپریم کورٹ آف پاکستان۔ فوٹو — فائل

سپریم کورٹ نے پانامہ پیپرز میں نامزد 436 افراد کے خلاف جےآئی ٹی بنانے پر جواب طلب کرلیا۔

سپریم کورٹ میں جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے پانامہ پیپرز میں 436 پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کے لئے جماعت اسلامی کی درخواست پر سماعت کی۔

اس موقع پر عدالت نے جماعت اسلامی کے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو 7 سال بعد یاد آیا کہ عوامی مفاد کا معاملہ ہے، اس وقت ایک ہی فیملی کے خلاف کیس چل رہا تھا، دونوں پانامہ کے معاملے تھے، اس وقت کیوں نہیں کہا کہ سب ساتھ سنا جائے؟ لہٰذا اس معاملے پر عدالت کا کندھا استعمال نہ کریں۔

جسٹس سردار طارق کا کہنا تھا کہ اس وقت یہ معاملہ آپ کی استدعا پر ڈی لنک کیا گیا؟ میں کہنا نہیں چاہتا مگر یہ مجھےکچھ اور ہی لگتا ہے، اس وقت بینچ نے آپ کو اتنا بڑا ریلیف دے دیا تھا لیکن آپ نے اس بینچ کے سامنےکیوں نہیں کہا اس کو ساتھ سنیں۔

عدالت نے جماعت اسلامی کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے 7سال میں کسی ادارے کو درخواست کی تحقیقات کی جائیں؟ کیا آپ نے اپنی ذمہ داری پوری کی؟ سارے کام اب یہاں سپریم کورٹ ہی کرے؟ اور بندوں کو نوٹس دیئے بغیر ان کے خلاف کارروائی کا حکم کیسے دیں؟

سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ ان 436 بندوں میں کاروباری لوگ بھی ہوں گے، کیا انہیں بھگانا چاہتے ہیں؟ بندوں کو نوٹس دیئے بغیر ان کے خلاف کارروائی کا حکم کیسے دیں؟ آف شور کمپنی بنانا کوئی جرم نہیں ہے، البتہ دیکھنا یہ ہوتا ہے وہ کمپنی بنائی کیسے گئی، 436 بندوں کے خلاف ایسے آرڈر جاری کردینا نیچرل جسٹس کے خلاف ہوگا۔

سرپیم کورٹ کا کہنا تھا کہ نامزد افراد کے خلاف نیب، ایف آئی اے و دیگر اداروں سے رجوع کیوں نہیں کیا؟ عدالت پانامہ میں نامزد 436 افراد کو سنے بغیر فیصلہ کیسے کرے؟

سپریم کورٹ نے پاناما پیپرز میں نامزد 436 افراد کے خلاف جےآئی ٹی بنانے پر جواب طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت ایک ماہ کے لیے ملتوی کردی۔

یاد رہے کہ امیر جماعت اسلامی نے 2017 میں پانامہ پیپرز میں سامنے آنے پر 436 پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کی درخواست دائر کی تھی۔

ان 436 پاکستانیوں کے خلاف تحقیقات کے لیے عدالت سے رجوع کرنے والے ایک درخواست گزار ایڈووکیٹ طارق اسد فوت ہو چکے ہیں۔

جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر احتساب کرے گی، سراج الحق

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ آج پاناما پیپرز کی تحقیقات کے لئے سپریم کورٹ آئے، ہم نے درخواست کی تھی تحقیقات کے لئے کمیشن بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی ہم نےعدالت کے سامنے اپنا مؤقف رکھا، جماعت اسلامی بلاامتیاز احتساب چاہتی ہے، کرپشن کی وجہ سے ہر پاکستانی مقروض ہے، کرپشن کی وجہ سے ہی ہماری معیشت کمزور ہے۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بچوں کی بڑی تعداد اسکولوں سے باہر اور غریب علاج سے محروم ہے، حکمران ملک کو لوٹ کر کھا گئے ہیں، 436 افراد کے خلاف تحقیقات کیوں نہیں کی گئیں۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم کرپشن سے پاک اور گرین اینڈ کلین پاکستان چاہتے ہیں، جماعت اسلامی برسر اقتدار آکر احتساب کرے گی، نیب اور ایف آئی اے جانا ہمارا کام نہیں، نیب اورآئی ایف اے سے جواب طلب کرناعدالت کا کام ہے اور ہم چاہتے ہیں سب کا بلا امتیاز احتساب ہو۔

اسلام آباد

Panama Papers

Supreme Court of Pakistan

Siraj Ul Haq