Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ارشد شریف کی والدہ کی عمران خان سمیت 5 افراد کو شامل تفتیش کرنے کی درخواست

5 افراد کو تحقیقات میں شامل کرنے کیلئے جے آئی ٹی کو حکم دیا جائے، والدہ ارشد شریف
شائع 08 جون 2023 05:26pm

سینئر صحافی ارشد شریف کی والدہ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس میں شامل تفتیش کرنے کی درخواست دائر کی ہے۔

سپریم کورٹ میں زیر سماعت سنئیر صحافی ارشد شریف قتل از خود نوٹس کیس میں مقتول صحافی کی والدہ نے متفرق درخواست جمع کرائی ہے، جس میں استدعا کی گئی ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی پہلے پاکستان میں تحقیقات مکمل ہونی چاہیے۔

ارشد شریف کی والدہ نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کرتے ہوئے استدعا کی ہے کہ ریکارڈ پر ہے کہ بہت سے لوگ قتل اور اس کی سازش کے حوالے سے دعوے کر رہے ہیں انہیں شامل تفتیش کیا جائے۔

مقتول صحافی کی والدہ نے اپنی درخواست میں بتایا کہ ہمیں جے آئی ٹی تحقیقات سے متعلق کچھ نہیں بتایا گیا نہ رپورٹس دی گئیں، تحقیقات میں شامل ہونے والے افراد کے حوالے سے بھی اندھیرے میں رکھا گیا ہے۔

صحافی کی والدہ نے استدعا کی ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، فیصل واوڈا، سلمان اقبال، مراد سعید اور صحافی عمران ریاض نے قتل کے حوالے سے دعوے کیے ہیں، ان سے بھی اس متعلق پوچھ کر ثبوت اکھٹے کیے جائیں، اور شفاف تحقیقات کے لیے ان 5 لوگوں کے بیان بھی قلمبند کیے جائیں۔

ارشد شریف کی والدہ نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ جے آئی ٹی سربراہ کو ان 5 افراد کے بیانات قلمبند کرنے اور ثبوت حاصل کرنے کے لیے ہدایات دے۔

imran khan

arshad sharif murder case