Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

جناح ہاؤس حملہ آور حاشر پی ٹی آئی چیئرمین کیخلاف گواہ بن گیا

پی ٹی آئی انصاف یوتھ ونگ لاہور کے انفارمیشن سیکرٹری نے حملے کے وقت خود ویڈیو ریکارڈ کی تھی
اپ ڈیٹ 08 جون 2023 10:26am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

لاہور کے جناح ہاؤس پر حملے کا ایک اور مرکزی شر پسند بے نقاب ہوگیا۔ گرفتار ہونے والے شر پسند نے اعترافی بیان میں حیران کن انکشافات کیے ہیں۔

پی ٹی آئی انصاف یوتھ ونگ لاہور کے انفارمیشن سیکرٹری حاشر درانی نے بھی جناح ہاؤس پر حملے کا اعتراف کرلیا۔

شرپسند حاشردرانی نے اعتراف کیا کہ جناح ہاؤس میں دوران حملہ میں انقلاب کے نعرے لگاتا رہا جس میں انقلاب مبارک ہو اور آزادی مبارک ہو کے نعرے شامل تھے، دوران حملہ حاشر کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس ملک کا فیصلہ چار جرنیل نہیں کرسکتے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی جناح ہاؤس حملے میں مرکزی شرپسند سے متعلق پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا بے نقاب ہوگیا تھا۔ سرکاری حکام کے مطابق پی ٹی آئی نے عمران محبوب کا تعلق ایجنسی سے بتایا تھا لیکن جھوٹا، بے بنیاد اور گمراہ کن پروپیگنڈا اس وقت بے نقاب ہوا جب تحقیقات کے بعد معلوم ہوا کہ عمران محبوب نجی ہوٹل کا ملازم اور سیاسی جماعت کا اہم کارکن ہے۔

ٹوئٹر پر شیئر ایک ویڈیو بیان میں حاشر خان نے کہا تھا کہ جناح ہاؤس حملے کی منصوبہ بندی زمان پارک میں کی گئی تھی۔ جس میں لیڈر شپ یاسمین راشد، میاں محمود الرشید اور شیخ امتیاز شامل تھے۔

حاشر خان کا مزید کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے جو لوگوں کو فوج مخالف بیانیہ دیا اس کی وجہ سے لوگ حملہ آور ہوئے اور توڑ پھوڑ کی۔ میں بھی جناح ہاؤس میں موجود تھا اور ویڈیو بنائی۔

پی ٹی آئی ورکر نے ویڈیو میں مزید انکشاف کیا کہ میں نے کور کمانڈر ہاؤس پر پارٹی کا جھنڈا لگا کر کہا کہ یہ خان ہاؤس ہے۔ اس سارے معاملے میں جو میں نے دیکھا کہ فوج کا رویہ بڑا مثبت رہا۔ فوج نے کسی شہری کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔

یاد رہے کہ نو مئی کو پُرتشدد واقعات میں ملوث افراد کی جانب سے اعترافی بیانات آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جناح ہاؤس حملے میں سرگرم رہنے والے حاشر خان درانی کے اعتراف کے بعد خیال کیا جارہا ہے کہ جناح ہاؤس کا حملہ آور پی ٹی آئی چیئرمین کیخلاف ممکنہ وعدہ معاف گواہ بن سکتا ہے۔

9 May

Jinnah House Attack

PTI Leaders Left Party