Aaj News

جمعرات, جنوری 09, 2025  
08 Rajab 1446  

عمران خان کی ملک کے ساتھ دشمنی اور غداری بےنقاب ہوچکی ہے، وزیراطلاعات

ایک شخص شرپسندوں کی گرفتاری پر انسانی حقوق کا شور مچا رہا ہے، وزیراطلاعات
شائع 07 جون 2023 05:57pm

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ زمان پارک میں خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا،ایک شخص شرپسندوں کی گرفتاری پر انسانی حقوق کا شور مچا رہا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بجٹ کے حوالے سے وزیراعظم شہباز شریف نے مشاورتی اجلاس کیے ہیں، نوجوانوں کیلئے بجٹ میں بڑا پروگرام رکھا ہے، آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ اتحادی حکومت نے ملک کی معاشی سمت کودرست کیا، کسان پیکج کی وجہ سے پاکستان میں گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے، سیاسی استحکام کے بغیر معاشی استحکام ممکن نہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 2013 سے 2018 تک ملک ترقی کررہا تھا، نوازشریف دور میں سی پیک شروع ہوا،معیشت مستحکم ہوئی، اس دور میں 14ہزارمیگاواٹ بجلی پیدا ہوئی، پھر 2018 میں پاکستان پر ایک خاص مائنڈ سیٹ مسلط کیا گیا، ایک شخص نے 4 سال میں معیشت کا جنازہ نکال دیا، اس شخص نے لاکھوں لوگوں کو بے روزگار کیا، دوست ممالک نے پاکستان پر اعتماد کرنا چھوڑدیا۔

مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ زمان پارک میں خواتین اور بچوں کو ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا، 9 مئی کو حساس تنصیبات اور ملکی املاک کو نقصان پہنچایا گیا، اب شرپسندوں کی گرفتاری پر ایک شخص انسانی حقوق کا شور مچا رہا ہے، اسے پاکستان کے معاشی اور قومی مفاد سے کوئی سروکار نہیں، اس کی ملک کے ساتھ دشمنی اورغداری بےنقاب ہوچکی ہے۔

imran khan

Maryam Aurangzeb