Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

پاکستان انسانی حقوق سے متعلق تمام ذمہ داریوں کی پابندی کرتا ہے، وزیراعظم

پی ٹی آئی کا کا ریاست پر حملہ آور ہونے کا اقدام بد نیتی اور ناپاک عزائم پر مبنی تھا، شہباز شریف
شائع 05 جون 2023 01:07pm
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — فائل
وزیراعظم شہباز شریف۔ فوٹو — فائل

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان انسانی حقوق سے متعلق تمام ذمہ داریوں کا احترام اور اس کی پابندی کرتا ہے۔

ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے لکھا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کو انٹرویوز میں ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کھلے عام جان بوجھ کر مقامی اور غیر ملکی سامعین کو جھوٹی باتوں اور غلط بیانی سے گمراہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین کا9 مئی کے بعد کے واقعات کو انسانی حقوق کی پامالی اور سیاسی احتجاج کو دبانے کے زاویے سے پیش کرنے کا مقصد بیرونی تجزیہ نگاروں کو غلط بیانیے سے دھوکا دینا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ریکارڈ کی درستگی کیلئے میں بتاتا چلوں 9 مئی کو جو ان کی جماعت کا ریاست پر حملہ آور ہونے کا قابلِ مذمت اقدام بد نیتی اور ناپاک عزائم پر مبنی تھا۔

شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کا کوئی بھی ملک اپنی سالمیت کو تباہ کرنے کی ایسی کوشش برداشت نہیں کرے گا، لہٰذا میں یقین دلاتا ہوں مجرموں سے قانون کے تحت نمٹا جائے گا۔

اپنی ٹویٹ میں ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اس بات کو یقینی بناؤں گا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی نہ ہو اور ہر معاملے کو قانون کے مطابق مناسب طریقے سے نمٹایا جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انسانی حقوق سے متعلق اپنی تمام آئینی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کا مکمل احترام اور پابندی کرتا ہے۔

pti

Shehbaz Sharif

human rights

Politics June 5 2023