Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

سعودی عرب کا قیمتوں میں اضافے کیلئے تیل کی پیدا وار میں کمی کا اعلان

کمی کا مقصد تیل کی قیمتوں کو بڑھانا ہے، تیل پیدا وار میں کٹوتی 2024 کے آخر تک جاری رہے گی
شائع 05 جون 2023 01:09pm
تصویر بذریعہ روئٹرز
تصویر بذریعہ روئٹرز

سعودی عرب نے قیمتوں میں اضافے کے لیے جولائی میں تیل کی پیدا وار کم کرنے کا اعلان کردیا۔

سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبد العزیز بن سلمان نے اوپیک اجلاس کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب جولائی میں تیل کی پیداوار میں 10 لاکھ بیرل یومیہ کی کمی کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ کمی کا مقصد تیل کی قیمتوں کو بڑھانا ہے۔ ضرورت پڑی تو تیل کی پیداوار میں کمی میں توسیع بھی کی جاسکتی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے برعکس متحدہ عرب امارات کو تیل کی پیداوار میں اضافہ کرنے کی اجازت دے دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کی سربراہی میں تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اور روس کی قیادت میں اتحادیوں پر مشتمل اوپیک پلس کے وزراء اور اعلیٰ حکام نے ویانا میں اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس میں پیداواری اہداف سے متعلق سات گھنٹے تک بات چیت کی گئی اور انھوں نے طویل مشاورت کے بعد پیداواری پالیسی سے متعلق معاہدے پر اتفاق کیا ۔ جس کے تحت گروپ نے 2024 سے مجموعی طور پر پیداواری اہداف کو مزید 14 لاکھ بیرل یومیہ تک کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

Saudi Arabia

OPEC

Oil Productions