Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

اگر عدالت پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ کرتی ہے تو خس کم جہاں پاک، مولانا فضل الرحمان

وزیراعظم سے مولانا فضل الرحمان کی ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال پر مشاورت
اپ ڈیٹ 05 جون 2023 03:28pm
مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو — اسکرین گریب
مولانا فضل الرحمان کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو — اسکرین گریب
فوٹو — سوشل میڈیا
فوٹو — سوشل میڈیا

لاہور: سربراہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ اگرعدالت پابندی کا فیصلہ کرتی ہے تو خس کم جہاں پاک۔

لاہور میں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ عدلیہ نے جانبداری کا مظاہرہ کیا، اس کی جانبداری پر تشویش ہے، ہم مستحکم عدالتی نظام کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں احتجاج کرتی ہیں، املاک پر حملے نہیں، پی ٹی آئی نے حساس تنصیبات پر حملہ کیا ہے، اسی لئے اگر حساس تنصیبات پر حملہ کریں گے تو آرمی ایکٹ لگے گا۔

ملک میں الیکشن کے حوالے سے پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ انتخابات کا فیصلہ تمام اتحادی جماعتیں مل کر کریں گی، جو ملک کے لئے اچھا ہوگا وہ فیصلہ کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ گزشتہ حکومت کی وجہ سے ہمیں مشکلات ہیں تاہم آج معیشت کی بہتری کی امید پیدا ہوگئی ہے۔

تحریک انصاف پر پابندی سے متعلق پی ڈی ایم سربراہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ عدالت نے کرنا ہے اور اگر عدالت پابندی کا فیصلہ کرتی ہے تو خس کم جہاں پاک۔

اس سے قبل پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان ملاقات کیلئے وزیراعظم شہباز شریف کی رہائش گاہ ماڈل ٹاؤن پہنچے، ملاقات میں مجموعی سیاسی، امن و امان سمیت معاشی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے بجٹ تفصیلات سے متعلق مولانا فضل الرحمان سے مشاورت کی جب کہ سربراہ پی ڈی ایم نے شہباز شریف کو عوامی ریلیف کے اقدامات بارے میں اپنی تجاویز سے آگاہ کیا۔

جے یو آئی سیکرٹری اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اور پی ڈی ایم سربراہ کی ملاقات کے بعد اتحادی جماعتوں کا سربراہی اجلاس بلایا جائے گا۔

وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد سربراہ پی ڈی ایم سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے گھر پہنچے اور ان کے بڑے بھائی سردار محمود صادق کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

مولانا فضل الرحمان نے سردار محمود صادق کی مغفرت اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

PDM

Shehbaz Sharif

lahore

Maulana Fazal ur Rehman

budget 2023 24

Politics June 5 2023