Aaj News

پیر, نومبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Awwal 1446  

کسی بھی ملک کے جھنڈے میں جامنی رنگ کیوں نہیں

جامنی رنگ کی تاریخ اس کے نایاب ہونے سے متعلق اشارہ کرتی ہے
اپ ڈیٹ 05 جون 2023 10:51am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ڈومینیکا کے جھنڈے کو قریب سے دیکھیں تو آپ کو درمیان میں جامنی رنگ کے پروں والا طوطا نظر آئے گا۔ یہ جھنڈا دنیا کے صرف ان دو جھنڈوں میں سے ایک ہے جس میں جامنی رنگ نمایاں ہے۔

دوسرا جھنڈا نکاراگوا کا ہے، جس میں ایک قوسِ وقزح ہے۔

 ڈومینیکا کا جھنڈا
ڈومینیکا کا جھنڈا

اس قوسِ وقزح میں جامنی رنگ کی بہت باریک سی لکیر ہے جسے دیکھنے کے لیے میگنفائنگ گلاس کی ضرورت پڑتی ہے۔

لیکن سوال یہ ہے کہ دنیا میں 195 سے زائد ممالک ہیں تو صرف دو ممالک کے جھنڈوں میں ہی جامنی رنگ کیوں ہے؟

 نکاراگوا کا جھنڈا
نکاراگوا کا جھنڈا

شاہانہ علامت

جامنی رنگ رائلٹی (شاہی ہونے) کی علامت تھی، اس لیے منطقی طور پر تو اسے مزید جھنڈوں پر بھی دکھنا چاہیے۔

تو، کیوں دنیا کے تقریباً تمام ہی ممالک کے قومی پرچم پر جامنی رنگ کا استعمال نہیں کیا جاتا؟

یہ سمجھنے کیلئے کہ جھنڈوں سے جامنی رنگ کیوں غائب ہے ہمیں دیکھنا ہوگا کہ یہ کیسے بنایا گیا۔

جامنی رنگ کی تاریخ ہمیں اس کے نایاب ہونے کے بارے میں اشارہ فراہم کرتی ہے۔

آئیے ہم وقت کا پہیہ تھوڑا پیچھے گھماتے ہیں اور کانسی کے زمانے (برونز ایج) میں بحیرہ روم کی دنیا میں واپس چلتے ہیں تاکہ جامنی رنگ کی ابتدا کے بارے میں جان سکیں۔

جامنی رنگ بنانا گھونگھے کی رفتار کی طرح سست عمل

ہمیں جامنی رنگ کے ابتدائی استعمال کا اشارہ برونز ایج میں ٹائر کے فونیشین شہر میں مل سکتا ہے۔ کیونکہ یہاں اس رنگ کو ”ٹائرین پرپل“ کے نام سے جانا جاتا تھا۔

فونیشین جدید دور کے لیونٹ خطے (اسرائیل، شام اور لبنان) میں رہتے تھے۔ برونزایج میں، فونیشینز نے بحیرہ روم کے تجارتی راستوں پر غلبہ حاصل کیا، جس سے وہ بحری سپر پاور بن گئے۔

پندرہویں صدی قبل مسیح کے دوران، فنی ماہرین نے سمندری گھونگوں کی ایک قسم ”میوریکس اسنیل“ کو دریافت کیا، جو لیس دارمادہ خارج کرتا ہے جسے ہم رنگ بنانے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔

اور یہ ڈائی جامنی تھی۔

 گھونگھوں سے مختلف رنگ بنائے جاتے تھے۔ (تصویر: وکی میڈیا کامنز)
گھونگھوں سے مختلف رنگ بنائے جاتے تھے۔ (تصویر: وکی میڈیا کامنز)

حالیہ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ مائنوئین فونیشینز سے بہت پہلے ڈائی کی تیاری سے واقف تھے۔

فونیشینز نے جامنی رنگ کی بڑے پیمانے پر تجارت کا آغازکیا۔

اگرچہ فونیشین اپنی نئی دریافت کی تجارت ہمسایہ تہذیبوں کے ساتھ کرنے کے خواہشمند تھے، لیکن انہوں نے اس کی پیداوار کو کافی خفیہ رکھا۔

فونیشین پیداوار کے عمل کو خفیہ رکھنے میں بہت اچھے تھے، لیکن آج ہم جانتے ہیں کہ انہوں نے جامنی رنگ کیسے بنایا۔

خطرے بھانپتے ہی سمندری گھونگوں کا قدرتی ردعمل ایک لیس دار مادے کے اخراج کی صورت میں سامنے آتا ہے، جو جامنی رنگ بنانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔

گھونگھا جب بھی خطرے میں ہوتا ہے تو خود کو بچانے کے لیے ایک سیال خارج کرتا ہے۔

گھونگھوں کو مارا جائے تو وہ اس لیس دار مادے کو خارج کرتے ہیں۔ جامنی رنگ نکالنے کا ایک اور عمل گھونگھوں کو کچلنا تھا۔

ارسطو کی کتاب ”ہسٹری آف اینیملز“ میں اس نے سمندری گھونگھوں سے جامنی رنگ نکالنے کی تکنیک کی وضاحت کی ہے۔

پلینی دی ایلڈر، ایک رومن فلسفی اور مؤرخ تھا، جس نے اپنی تحریر نیچرل ہسٹری (قدرتی تاریخ) میں گھونگوں سے جامنی رنگ نکالنے پر بہت تفصیل سے بحث کی ہے۔

پلینی کے مطابق، گھونگھے کی رگ کو پہلے کاٹا گیا اور اس میں ایک مومی مادہ برآمد ہوا۔ پھر گھونگھے کے ”جوس“ میں نمک ملایا گیا۔

ڈائی بنانے والوں نے نمک اور مائع کے مرکب کو تین دن تک بھگویا۔

تین دن کی میرینٹنگ کے بعد، مکسچر ٹن کے برتنوں میں کھلی آگ پر ابالنے کے لیے تیار تھا۔

ایک بار جب مرکب ابلنے لگا تو ایک مائع اوپر کی طرف تیرنے لگا۔

مائع جامنی رنگ کا رنگ تھا، جسے چمنی کا استعمال کرتے ہوئے اسکیمنگ کے بعد آہستہ آہستہ نکالا جاتا تھا۔

ڈائی بنانے والے اس مرکب کو کئی دنوں تک ابالتے رہے۔

پلینی نے بتایا کہ دسویں دن کے بعد یہ مرکب جانور کے گوشت کے تحلیل ہونے سے مائع ہوجاتا ہے۔

اعلیٰ معیار کا جامنی رنگ حاصل کرنے کے لیے مائع شدہ مرکب کو ڈی گریس کیا گیا تھا۔

جامنی رنگ تیار کرنا آسان نہیں تھا، جیسا کہ آپ نکالنے کے طریقہ کار کی تفصیل سے بتا سکتے ہیں۔ یہ وقت طلب تھا اور رنگ کی مقدار کم تھی۔

آپ کہہ سکتے ہیں کہ یہ عمل گھونگھے کی طرح سست تھا!

تیونس کی ایک خاتون نے حال ہی میں پلینی کے بیان کردہ طریقہ کار کو استعمال کرتے ہوئے رنگ بنانے کی کوشش کی۔

اس نے ایک گرام جامنی رنگ بنانے کے لیے 120 پاؤنڈ سمندری گھونگے استعمال کیے!

جامنی رنگ نکالنا نہ صرف وقت طلب تھا بلکہ بدبودار بھی تھا! دس دن تک بڑے بڑے برتنوں میں ابلتے گھونگوں کی بدبو خوفناک تھی۔تو آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ قدیم زمانے میں جامنی رنگ بنانے کے لیے لوگوں کو کتنی محنت کرنی پڑتی تھی۔

رنگ کی اسی نایابیت نے اسے مہنگا اور ایک لگژری آئٹم بنا دیا۔

امیروں میں عیش و عشرت کے سامان کی مانگ تھی۔

اشرافیہ اپنے کپڑوں کو رنگنے کے لیے ڈائی کا استعمال کرتی تھی، جس سے وہ باقی لوگوں سے الگ نظر آتے تھے۔

لیکن شاہی خاندان کو جامنی رنگ کی اتنی طلب کیوں تھی؟

ٹیرین جامنی (Tyrian Purple): اشرافیہ کا رنگ

جامنی، دوسرے رنگوں کے برعکس دھندلا نہیں ہوتا تھا، اس کے بجائے یہ استعمال کے ساتھ ساتھ مزید روشن ہوتا تھا۔

چونکہ جامنی رنگ کے کپڑے استعمال کے ساتھ پھیکے نہیں پڑتے تھے، اس لیے اشرافیہ رنگ کے لیے زیادہ رقم ادا کرنے کو تیار تھے۔

جامنی رنگ گریکو رومن دنیا میں اشرافیہ کے درمیان ایک مقبول رنگ بن گیا۔

چوتھی صدی قبل مسیح میں رہنے والے یونانی مؤرخ تھیوپومپس کے مطابق جامنی رنگوں کا وزن چاندی میں ہوتا تھا۔

 رومن شہنشاہ جسٹین اول کا موزیک، ٹائرین جامنی رنگ کا لبادہ اوڑھے ہوئے۔ تصویر: وکی میڈیا کامنز)
رومن شہنشاہ جسٹین اول کا موزیک، ٹائرین جامنی رنگ کا لبادہ اوڑھے ہوئے۔ تصویر: وکی میڈیا کامنز)

مشرقی رومن سلطنت، جسے بازنطینی سلطنت کے نام سے جانا جاتا ہے، قرون وسطیٰ کے دوران سونے کے حروف کے ساتھ جامنی رنگ کا استعمال انجیل کے نسخے لکھنے کے لیے کیا جاتا تھا۔   تاہم، 1204 میں نارمنوں کے قسطنطنیہ کو فتح کرنے کے بعد یہ رنگت اپنی سابقہ شان کھو بیٹھی۔

اطالوی نشاۃ ثانیہ کے دور میں جامنی رنگ کو دوبارہ اہمیت حاصل ہوئی، اور بعد میں یورپی اقوام نے اسے باقاعدہ رنگ کے طور پر منتخب کیا۔

شاہی رنگ ہونے کے باوجود، امراء نے اپنے جھنڈوں میں جامنی رنگ کا استعمال نہ کرنے کا انتخاب کیا کیونکہ اس کی پیداوار مہنگی تھی۔

جھنڈوں کو بڑے پیمانے پرتیارکیا جانا تھا، اور اس کیلئے رنگ کافی نہیں تھا۔

رئیسوں نے سوچا کہ ”جب ہم اسے اچھے لباس پر استعمال کر سکتے ہیں تو اسے جھنڈے پر کیوں لگائیں؟“

 11ویں صدی کا بازنطینی لباس ٹیریئن جامنی رنگ میں سونے کی کڑھائی کے ساتھ۔ (تصویر: وکی میڈیا کامنز)
11ویں صدی کا بازنطینی لباس ٹیریئن جامنی رنگ میں سونے کی کڑھائی کے ساتھ۔ (تصویر: وکی میڈیا کامنز)

جب ولیم پرکنز نے 1856 میں بڑے پیمانے پر جامنی رنگ بنانے کا طریقہ ایجاد کیا، تب تک زیادہ تر قومی ریاستوں کی بنیادی علامتیں اور رنگ شکل اختیار کر چکے تھے۔

مثال کے طور پر، انگلینڈ اور جینوا کا جھنڈا، جو سینٹ جارج کی کراس ہے، اس کی ابتدا قرون وسطیٰ کے اس وقت میں ہوئی جب جامنی رنگ کی کمی تھی۔

جامنی رنگ اشرافیہ کا رنگ تھا، جس کا مطلب یہ تھا کہ عوام اس سے جڑ نہیں سکتے تھے۔

یہی وجہ ہے کہ معاشرے کے حکمران طبقے نے ایسی علامتیں چنیں جو ہر کسی کی پہچان بن سکیں۔

اس طرح جامنی رنگ نے عوام میں کبھی مقبولیت حاصل نہیں کی۔

weird

History of purple color

No purple color in flag