بریڈ پٹ اورانجلینا جولی کی لڑائی میں نیا موڑ، اداکار نے نئے الزامات عائد کردیے
ہالی ووڈ کی دلکش ترین جوڑی سمجھے جانے والے برید پٹ اور انجلینا جولی کے اختلافات کی نیؔا کسی کنارے نہ لگ سکی، اداکار نے انجلینا پر نئے الزامات عائد کردیے ہیں۔
بریڈ پٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ انجلینا جولی نے خفیہ طور پر اداکار کے پسندیدہ فرانسیسی انگور کا باغ میراوال ’روسی اشرافیہ‘ کو فروخت کرنے کی منصوبہ بندی کی تاکہ بریڈ پٹ کو ’شدید نقصان‘ پہنچایا جا سکے اور بچوں کی حوالگی کے کیس کے بدلے خود کو مالا مال کیا جا سکے۔
تصویر بشکریہ: ڈیلی میل
بریڈ پٹ کے وکلاء کے مطابق انجلینا جولی نے 2021 میں بچوں کی تحویل کے تنازع کے دوران خفیہ طور پر فرانسیسی انگور کے باغ کے 50 فیصد حصص فروخت کیے، یہ اقدامات غیر قانونی ہے جو جان بوجھ کرخود کو مالی فائدہ پہنچانے کیلئے کیا گیا۔
سابق جوڑے نے 160 ملین ڈالر کے اس باغ سے متعلق ’باہمی عہد‘ کیا تھا کہ ایک دوسرے کی اجازت کے بغیر کبھی بھی اپنے حصص فروخت نہیں کریں گے۔ اداکار کے وکلا کے مطابق 59 سالہ پٹ کو اہلیہ کی جانب سے کی فروخت کا علم 2021 کی ایک پریس ریلیز سے ہوا جس میں بتایا گیا تھا کہ ان کے پاس نئے کاروباری شراکت دار ہیں۔
چیٹو میراوال نامی 35 کمروں پر مشتمل جائیداد اور انگور کا باغ دونوں نے 2011 میں مشترکہ طور پر 60 ملین ڈالر میں خریدا تھا۔
بریڈ پٹ اور اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کارکن 47 سالہ انجلینا جولی نے 2016 میں علیحدگی اختیارکرلی تھی لیکن دونوں آج تک مالی اور بچوں کی تحویل کے معاملات کو سلجھا رہے ہیں۔ بریڈ پٹ اس بات پر برہم ہیں کہ انجلینا نے ان کیخلاف گھریلو تشدد کے غیر ثابت شدہ الزامات دہرانے کے لیے خصوصی عدالتی دستاویزات کا استعمال کیا ہے۔
رواں ہفتے دائر کی گئی نظر ثانی شدہ شکایت میں فائٹ کلب ہنک کا کہنا ہے کہ اداکار نے اس جائیداد میں سابقہ اہلیہ کے حصے سے انکار کیا تھا۔
بریڈ پٹ نے الزام عائد کیا ہے کہ یہ جائیداد یوری شیفلر کو فروخت کرکے جولی نے چیٹو میراوال کو روس، اس کے ہم جنس پرستوں سے نفرت کرنے والے قوانین اور یوکرین پر حملے سے جوڑا ہے ۔ جولی نے اپنے 250 ڈالر کے جوابی دعوے الزام عائد کیا کہ برید پٹ انہیں اپنی کمپنی مونڈو بنگو کو ’غیر معقول شرائط‘ پر فروخت کرنے پر مجبور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جھوٹ پھیلارہے ہیں کہ شیفلر ’ولادیمیر پیوٹن کا اتحادی‘ ہے۔
انجلینا نے یہ الزام بھی عائد کیا کہ پٹ نے اثاثے چھپائے اور چیٹو میراوال کے فنڈز کو وینیٹی پروجیکٹس پر ضائع کیا جس میں سوئمنگ پول اور ایک خوبصورت سیڑھی بھی شامل ہے جسے چار بار دوبارہ تعمیر کیا گیا۔
بریڈ پٹ کے وکلا کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیٹو میراوال کودونوں نے ’اپنے چھ بچوں کے لیے محبت کرنے والے گھر‘ کے طور پر خریدا تھا۔ بریڈ پٹ نے اپنا وقت اور وسائل جائیداد کی تزئین و آرائش اور شراب کے ایک انتہائی کامیاب کاروبار کے لیے وقف کیے۔ اداکارہ نے میراوال کی کامیابی کے لیے ضروری کوئی کام نہیں کیا، علیحدگی کے وقت پٹ کی سرمایہ کاری جولی کی سرمایہ کاری سے تقریبا 50 ملین ڈالر زیادہ تھی۔
امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے ’روسی فیڈریشن میں اشرافیہ‘ کے طور پرنامزد کیے جانے والے شیفلرنے اس سے قبل بھی یہ جائیداد خریدنے کی کوشش کی تھی تاہم بریڈ پٹ نے اسے مسترد کر دیا تھا۔
پٹ کی نظر ثانی شدہ شکایت میں شیفلر پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے وائنری کی کارروائیوں کو غیرمستحکم کیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ولادیمیر پیوٹن کے یوکرین پر حملے اور ہم جنس پرستوں سے نفرت پر مبنی قانون سازی کے ایجنڈے کے سلسلے میں شیفلر کا روس سے وابستہ اسپرٹ گروپ بار بار بائیکاٹ کا موضوع رہا ۔
اس سے قبل ڈیلی میل کی رپورٹ میں کہا گیاتھا کہ پٹ کے اتحادی جولی سے ناراض ہیں کہ انہوں نے اس تنازع کو غیر ثابت شدہ الزامات دہرانے کیلئے استعمال کیا کہ بریڈ پٹ نے 2016 میں نجی جیٹ کی سواری پر بہت زیادہ شراب پینے کے بعد اُن پر حملہ کیا تھا اور ان کے بچوں کو دہشت زدہ کیا تھا۔
فرانس کے ہوائی اڈے پر 2007 میں لی گئی تصویر جب دونوں نے بچوں کے ساتھ جیٹ پر سفرکیا تھا: ڈیلی میل
تاہم بریڈ پٹ بضد ہیں کہ انہوں نے کبھی بھی اپنے بچوں یا سابق بیوی پر انگلی نہیں اٹھائی، جنہوں نے اس واقعے کے پانچ دن بعد طلاق کی درخواست دائر کی تھی۔
ایف بی آئی اور مبینہ طور پر لاس اینجلس ڈپارٹمنٹ آف چلڈرن اینڈ فیملی سروسز دونوں نے جھگڑے کے تناظر میں ان کے خلاف مزید کارروائی کرنے سے انکار کردیا ہے۔
بریڈ پٹ اور انجلینا جولی کی ملاقات 2005 میں ’مسٹراینڈ مسزاسمتھ ’کے سیٹ پر ہوئی تھی
Comments are closed on this story.