Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حج کے خواہشمندوں کیلئے ’ہارڈ شپ کوٹے‘ کے تحت ایک اور موقع

وزارت مذہبی امور نے 2 جون تک درخواستیں طلب کرلیں
شائع 01 جون 2023 10:53am
فائل فوٹو
فائل فوٹو

وزارت مذہبی امور نے اسکیم کے تحت محدود تعداد میں دستیاب ’ہارڈشپ کوٹے‘ کے تحت خواہشمندوں سے 2 جون تک حج درخواستیں طلب کرلی ہیں ۔

وزارت مذہبی امور پاکستان کے ترجمان کی جانب سے حج درخواستوں سے متعلق جاری کیے جانے والے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ وہ خواہشمند جو کسی وجہ کے باعث مقررہ تاریخ سے پہلے حج 2023 کے لیے رجسٹریشن نہیں کراسکے، اب محدود تعداد میں دستیاب ہارڈشپ کوٹے کیلئے درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔

عازمین کیلئے ’ہارڈ شپ کوٹہ‘ پہلے آئیے پہلے پائیے کی بنیاد پر الاٹ کیا جا رہا ہے تاہم اس حوالے سے حج اخراجات میں کوئی رعایت نہیں دی جارہی ہے۔

ترجمان کے مطابق خواہش مند 2 جون تک سیکشن افسر حج پالیسی، وزارت مذہبی امور، پہلی منزل، کوہساربلاک، پاک سیکریٹریٹ، اسلام آباد کے نام اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق سرکاری اسکیم کے تحت محدود تعداد میں دستیاب ہارڈ شپ کوٹے پراپلائی کرنے والوں سے کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔

Hajj 2023