عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ کیس سمیت 3 مقدمات میں ضمانت منظور
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں 3 روزہ، نامعلوم مقدمات اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں 10 روز کی ضمانت منظور کرلی۔
عمران خان درخواست ضمانت میں پیشی کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے، اس موقع پر عدالت اور اطراف میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔
عمران خان کے ساتھ ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی لاہور سے آئی تھیں جو کہ دوران سماعت گاڑی میں موجود رہیں۔
نیشنل کرائم ایجنسی 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی تحقیقات کے سلسلے میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ثمن رفعت امتیاز پر مشتمل ڈویژن بینچ نے عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
عدالت عالیہ نے عمران خان کی 3 روز کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 روزمیں احتساب عدالت سے رجوع کی ہدایت کردی۔
عمران خان کے وکلاء نے 8 جون تک عبوری ضمانت میں توسیع کی استدعا کی تھی۔
عدالت عالیہ نے عمران خان کی درخواست ضمانت ہدایات کے ساتھ نمٹادی۔
عدالت کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت سے رجوع نہ کرنے کی صورت میں پیرکو عبوری ضمانت غیر مؤثر ہوجائے گی۔
دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں ضمانت میں 10 دن کی توسیع
دوسری جانب عمران خان کے خلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی پر تھانہ مارگلہ میں درج مقدمے میں ضمانت کی درخواست کی سماعت بھی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوئی۔
درخواست کی ضمانت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کی۔
عدالت نے عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 دن کے لیے توسیع کرتے ہوئے انہیں تھانہ مارگلہ میں شامل تفتیش ہونےکا حکم دے دیا۔
9 مئی کے واقعات کے بعد درج مقدمات: ضمانت میں 10 دن کی توسیع
ادھر اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی 9 مئی کے واقعات کے بعد درج مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔
عمران خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ہم ایف ایٹ نہیں جاسکتے، اس کورٹ سے ضمانت لینا چاہ رہے ہیں، ہم اس کیس میں سکیورٹی خدشات کی بناء پر کچہری کے بجائے یہاں دلائل دینا چاہتے ہیں۔
ایڈیشنل اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کچہری 6 جون سے نئےکمپلیکس میں شفٹ ہو جائے گی۔
عدالت نے ہدایت کی کہ اگر ایف ایٹ کچہری نئے کمپلیکس میں شفٹ نہ ہو تو جوڈیشل کمپلیکس میں کیس سنا جائے، اگر کچہری نئے کمپلیکس میں شفٹ ہوگئی تو کیس کی سماعت وہاں ہوگی۔
عدالت کے استفسار پر اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ عمران خان کے خلاف 9 مئی کے بعد 6 مقدمات درج کیےگئے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کو 6 مقدمات میں گرفتاری سے روکنے کے حکم میں توسیع کردی۔
عدالت نے عمران خان کے خلاف 9 مئی کے بعد درج مقدمات میں 10 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی اور 10 روز میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کردی۔
احتساب عدالت نے عمران خان کی ضمانت منظور کرلی
اسلام آباد ہائیکورٹ سے روانہ ہونے کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے عمران خان کی ضمانت منظور کرلی۔ ان کی ضمانت 5 لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظورکی گئی۔
عدالت نے عمران خان کی ضمانت 19 جون تک منظور کی۔
Comments are closed on this story.