Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان کے دیرینہ ساتھیوں نے بھی پارٹی چھوڑنے کا عندیہ دے دیا

نوشہرہ کی اہم سیاسی شخصیت کےاڑان بھرنے کی تیاریاں مکمل
شائع 31 مئ 2023 11:44am

خیبرپختون خوا میں عمران خان کے دیرینہ ساتھیوں نے بھی پارٹی چھوڑنے کا عندیہ دے دیا۔

پنجاب کے بعد خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے رہنماؤں اور ممبران اسمبلی کا پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے، اور ذرائع کے مطابق نوشہرہ کی اہم سیاسی شخصیت نے 20 سے 25 ساتھیوں سمیت اڑان بھرنے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ صوبے کے جنوبی اضلاع اور پشاور ویلی کے رہنماؤں کے الگ گروپ بنائے جانے کی خبریں ہیں، اور ان رہنماؤں کے اہم سیاسی پارٹیوں سے رابطوں کی بھی اطلاعات ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے کچھ دیرینہ ساتھیوں نے پارٹی چھوڑنے کا عندیہ دے دیا ہے، ان رہنماؤں اور سابق وزرا کے ویڈیو بیانات اور پریس کانفرنس میں 9 اور 10 مئی کے واقعات کی مذمت پہلی ترجیح ہوگی، اہم اعلانات کے حوالے سے جون کا دوسرا ہفتہ اہم ترین ہوگا۔

ذرائع کے مطابق کئی اہم رہنما قبائلی اضلاع اور گلگت بلتستان میں روپوش ہیں، اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اہم رہنما کی فرانس اڑانے بھرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

پارٹی چھوڑنے والوں کی جہانگیر ترین سے ملاقاتیں

دوسری جانب سینئر سیاستدان جہانگیر ترین نے لاہور کے بعد اب اسلام آباد میں ڈیرے ڈال لئے ہیں، جہاں گزشتہ رات انہوں نے پی ٹی آئی چھوڑنے والی اسلام آباد کی دو اہم شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین آج سندھ اور خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والے اہم رہنما ان سے ملاقات کریں گے، اور اسلام آباد میں مشن مکمل کرنے کے بعد کل لاہور پہنچیں گے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیرترین سے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض، ملتان سے سلمان نعیم نے بھی ٹیلی فونک رابطہ کیا، اس کے علاوہ جنوبی پنجاب کی اہم شخصیات نے بھی ملاقاتیں کی ہیں، اور اپنی نئی پارٹی کےحوالے سے مشاورت کی۔ ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین نے اپنی پارٹی کے نئے نام کے حوالے سے مشاورت مکمل کرلی ہے۔

pti

imran khan

PTI Leaders Left Party

politics may 31 2023