ملک کے مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش، مختلف حادثات میں 5 بچے جاں بحق
ملک کے مختلف شہروں میں موسلادھاربارش کا سلسلہ جاری ہے، کوٹری میں گھر کی دیوار گرنے سے 3 اور قلعہ سیف اللہ میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔
اسلام آباد میں صبح سویرے بارش نے جل تھل ایک کر دیا، اوکاڑہ، جہلم اور بہاولپور میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔
پتوکی میں بارش سے سڑکوں اور گلیوں میں پانی جمع ہوگیا، جس سے شہریوں کو آمد و رفت میں مشکلات کا سامنا ہے۔
بھلوال میں آندھی سے بلدیہ دفتر کے سامنے درخت گرگیا، جس سے سڑک بند ہوگئی۔
دوسری جانب حیدرآباد، لاڑکانہ اور بدین سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہوئی۔
کوٹری میں دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق اور 5 زخمی ہو گئے، کوٹری میں پڑنے والے اولوں کا سائز ٹینس بال سے بڑا تھا۔
آندھی کے باعث سائن بورڈز اور بجلی کے کھمبے گرگئے جس کے باعث شہر میں بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ ژالہ باری کے باعث گاڑیوں اور درختوں کو بھی نقصان پہنچا۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی شدید ژالہ باری ہوئی، بیلہ میں اولے پڑنے سے درختوں اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔
مسلم باغ میں کِلی لُنڈی میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 3 بچے زخمی ہوئے۔
محکمہ موسمیات نے آج بھی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی چلنے اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
Comments are closed on this story.