Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری، کوٹری میں دیوار گرنے سے 3 بچے جاں بحق، 5 زخمی

مسلم باغ کلی لنڈی میں آسمانی بجلی گرنے سے 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے
اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 09:11pm
فوٹو ــ ٹوئٹر / ویدر اپ ڈیٹس پی کے
فوٹو ــ ٹوئٹر / ویدر اپ ڈیٹس پی کے

ملک کے مختلف شہروں میں بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر ہلکی برف باری سے موسم سہانا ہوگیا۔ کوٹری میں بارش اور ژالہ باری سے دیوار گرگئی جس سے 3 بچے جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بادل برسے کہیں ہلکی بارش ہوئی تو کہیں تیز برسات سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ بدین، گولارچی اور سانگھڑ میں بارش کے بعد موسم سہانا ہوگیا۔

کوٹری میں بارش اور ژالہ باری سے دیوار گرگئی جس کے نتیجے میں 3 بچے جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔ جاں بحق بچوں کی شناخت 6 سالہ عاصمہ، 8 سالہ فرحانہ اور 10 سالہ یوسف کے ناموں سے ہوئی ہیں۔ تیز ہواؤں کے باعث متعدد تاریں ٹوٹ گئیں جبکہ ایک درخت کار پر گرگیا۔

حیدرآباد اور گردو نواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہوئی جس سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، کچھ مقامات پر ژالہ باری بھی ہوئی۔ ٹنڈوالہ یار میں بارش کے بعد فیڈر ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی بند ہوئی۔

ادھر بھوانہ شہراور گردو نواح میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔

جلالپور پیروالہ میں تیز آندھی اور موسلادھار بارش کے باعث گرمی میں تو کمی آگئی لیکن آم اور کپاس کی فصل کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

خان پور میں بارش کے بعد شہر کی مرکزی شاہراہ پر کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ۔ گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے، دو شہروں کو آپس میں ملانے والا مین انڈر پاس بھی بارش کے پانی سے بھرگیا۔

دوسری طرف بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ضلع ژوب ، کوہلو ، جھل مگسی اور کچھی میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

قلعہ سیف اللہ کے علاقے مسلم باغ کلی لنڈی میں آسمانی بجلی گرگئی جس کے نتیجے میں 2 بچے جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے۔

ژوب میں تیز بارش اور ژالہ باری سے نظام زندگی درہم برہم ہوگیا۔ دریائے ژوب کے مقام پر گاڑی پانی میں پھنس گئی۔ کمشنر ژوب ڈویژن کی خصوصی ہدایت پر لیویز فورس نے گاڑی اور سواریوں کو ریسکیو کیا جبکہ سواریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری سے موسم سہانا ہوگیا۔ سیاح دلفریب موسم سے خوب لطف اندوز ہورہے ہیں۔

Rain

rainy weather

karachi drainage system