Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

عدالت کے اندر غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کرنے والا ملزم بری

مقتولہ کے ورثا اور زخمی پولیس اہلکار نے ملزم کو معاف کردیا
شائع 30 مئ 2023 04:51pm

سٹی کورٹ کے احاطے میں غیرت کے نام پر بیٹی کو قتل کرنے والے ملزم امیر جان کو عدالت نے بری کردیا۔

کراچی کی ماڈل ٹرائل کورٹ جنوبی میں غیرت کے نام پر بیٹی کو سٹی کورٹ کے احاطے میں قتل کرنے والے ملزم امیر جان کی بریت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

تفتیشی پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم امیر جان نے 23 جنوری کو عدالت میں پیشی پر اپنی 19 سالہ بیٹی حاجرہ کو فائرنگ کر کے قتل کیا تھا، واقعے کا مقدمہ تھانا سٹی کورٹ میں درج کیا تھا۔

پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس اہلکار نے ملزم کو معاف کردیا ہے، جب کہ مقتولہ کے قانونی ورثا حاجرہ کی والدہ، بہنوں اور بھائی نے بھی ملزم کو ”اللّٰہ“ کے نام پرمعاف کر دیا، زخمی پولیس اہلکار زماں نے بھی ملزم کی بریت پر کوئی اعتراض نہیں کیا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزم امیر جان کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ مقتولہ کے قانونی ورثا کیلیے اخبار میں بھی نوٹس شائع کروایا گیا، اخبار میں نوٹس کے باوجود بھی کوئی اور قانون ورثا نہیں آئے۔

عدالت نے حکمنانے میں کہا کہ مقتولہ کی والدہ، بھائی ، اوربہنوں نے ملزم کو معاف کردیا ہے، عدالت بھی ملزم کو بری کرنے کا حکم دیتی ہے۔

karachi city court