Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 6 افراد جاں بحق

تھر پارکر، لاڑکانہ اور بلوچستان میں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش
شائع 30 مئ 2023 08:42am

سندھ کے ضلع تھرپارکر میں آسمانی بجلی گرنے سے 6 افراد جاں بحق اور 5 زخمی ہوگئے۔

تھرپارکر کے مختلف شہروں مٹھی، اسلام کوٹ، ننگرپارکر اور گردو نواح میں تیز بارش ہوئی تاہم اس دوران مٹھی میں آسمانی بجلی گرنے سے 6 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ نواحی گاؤں ویڑی جھپ کے قریب اس وقت پیش آیا، جب ایک سو سے زائد افراد میلے میں شرکت کے لیے پیدل جا رہے تھے۔

لاشوں اور زخمیوں کو مٹھی اسپتال منتقل کردیا گیا، سول اسپتال مٹھی میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی۔

لاڑکانہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش نے جل تھل ایک کردیا۔

بلوچستان میں بارشوں کا نیا سلسلہ جاری

دوسری جانب بلوچستان میں بھی بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہوگیا، ژوب ، کوہلو اور جھل مگسی میں تیز بارش کے ساتھ ژالہ باری ہوئی، جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

ضلعی کچی کے علاقے بھاگ اور گردنواح میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، بارش کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آئی اور موسم خوشگوار ہوگیا۔

کوہلو میں بھی شہر اور گردنواح میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔

جھل مگسی کے نواحی علاقے گوٹھ مٹھو میں اور مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے ساتھ شدید ژالہ باری ہوئی جبکہ فصلات کو نقصان پہنچا، گنداواہ اور گردونواح ميں بھی گرج چمک کے ساتھ ہلکی ہلکی بارش ہوئی ہے۔

ژوب میں بھی شہر اور گردونواح میں تیز بارش اور ژالہ باری نے نظام زندگی درہم برہم کردیا ، بارش کے باعث دریائے ژوب کے مقام پر گاڑی پانی میں پھنس گئی۔

کمشنر ژوب ڈویژن کی خصوصی ہدایت پر لیویز فورس نے گاڑی اور سواریوں کو ریسکیو کرلیا جبکہ سواریوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔ ْ

پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بارش کا امکان

ادھر محکمہ موسمیات کی جانب سے پنجاب، خیبر پختونخوا، بالائی سندھ، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جبکہ اسلام آباد میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی اور مغربی علاقوں میں بارش برسانے والا نیا سسٹم داخل ہوگیا۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اسلام آباد میں پیر سے لے کر بدھ تک بارشوں کا امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں بھکر، میانوالی، ڈی جی خان، ملتان، سرگودھا، جوہر آباد، خوشاب، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، فیصل آباد، ساہیوال، لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، مری میں بھی موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

tharparkar

بلوچستان

Larkana

Rain

sindh

lightning