Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

9 مئی واقعہ: عمران خان جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے

جے آئی ٹی نے عمران خان کی لیگل ٹیم سے درخواست وصول نہیں کی، وکیل
اپ ڈیٹ 30 مئ 2023 07:06pm
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

ملک میں 9 مئی کو جناح ہاؤس اور عسکری ٹاور میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات کی تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو آج طلب کیا گیا تھا۔

عمران خان خود تو جے آئی ٹی کے سامنے پیش نہیں ہوئے لیکن انھوں نے اپنی لیگل ٹیم بھیج دی۔ لاہور میں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس پہنچنے پر لیگل ٹیم کا کہنا تھا کہ بہت مختصر وقت میں ہمیں نوٹس ملا ، چیئرمین پی ٹی آئی آج کی طلبی پر جے آئی ٹی میں پیش نہیں ہوں گے۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل کے آفس سے جانے کے بعد عمران خان کی 4 رکنی ٹیم بھی دفتر سے روانہ ہوگئی۔ وکیل نے بتایا کہ جے آئی ٹی نے عمران خان کی لیگل ٹیم سے درخواست ہی وصول نہیں کی، درخواست میں استدعا کرنی تھی کہ چیئرمین پی ٹی آئی سے زمان پارک میں مؤقف لے لیا جائے۔

ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران خان کی سربراہی میں بننے والی جے آئی ٹی نے عمران خان کو ڈی آئی جی انویسٹی گیشن آفس قلعہ گجر سنگھ میں طلب کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 9 مئی کے واقعات پر پنجاب حکومت نے 10 مختلف جے آئی ٹیز بنائی تھیں۔ عمران خان تھانہ سرور روڈ، شادمان سمیت دیگر تھانوں کے مقدمات میں نامزد ہیں۔

یاد رہے کہ جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹیز) نے 9 مئی واقعات کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ بے گناہ اور گناہ گار کا تعین تفتیش کے تقاضے پورے کر کے کیا جارہا ہے۔

جے آئی ٹی حکام نے ایک ہفتے پہلے کہا تھا کہ حملوں میں ملوث 1634 افراد ابھی تک انتہائی مطلوب ہیں جن کی گرفتاری کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں جبکہ جیوفینسنگ سے 471 افراد کی شناخت مکمل کرلی، 422 افراد سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیئے ہیں۔

حکام نے بتایا تھا کہ تحقیقاتی ٹیموں نے 688 افراد کو گرفتار کیا ہے جن میں 571 افراد کو جیل بھجوایا جا چکا ہے۔

PDM

imran khan

9 May

jinah house attack

politics may 30 2023