Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

حکومت نے مذاکرات پی ٹی آئی کی ’اصلاح‘ سےمشروط کردیے

سعد رفیق کے انکار کے بعد اسحاق ڈار نے مذاکرات ممکن قراردے دیے
شائع 29 مئ 2023 09:23am
اسکرین شاٹ
اسکرین شاٹ

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش پراہم لیگی رہنما اور وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق کی جانب سے صاف ’انکار‘ کے بعد وزیرخزانہ اسحاق ڈارنے عندیہ دیا ہے کہ ایسا ممکن ہے تاہم انہوں نے مذاکرات کوعمران خان کی جانب سے معافی مانگنے اور 9 مئی کے واقعات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے آئندہ ایسے واقعات نہ ہونے کے وعدے سے مشروط کیا ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں شریک وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ بات چیت ممکن ہے اگر وہ ’اصلاحی اقدامات‘ کریں۔ قوم سے معافی مانگتے ہوئے غلطی تسلیم کریں اور مستقبل میں 9 مئی جیسے اقدامات نہ کرنے کا وعدہ کریں۔

اسحاق ڈارنے کہا کہ ملک بھر میں پرتشدد مظاہرے پھوٹنے سے قبل حکومت نے پی ٹی آئی کے ساتھ ’اخلاص‘ سے بات چیت کی تھی اور فریقین نے انتخابات کی تاریخ کے علاوہ تمام معاملات پراتفاق کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں مذاکرات کے آخری راؤنڈ کے وقت فریقین 75 فیصد ایجنڈے پر متفق ہو چکے تھے، پی ٹی آئی) تسلیم کر چکی تھی کہ صوبوں اور وفاق میں علیحدہ علیحدہ الیکشن نہیں ہو سکتے اور ملک بھر میں ایک ہی دن انتخابات ہونے چاہییں تاہم تاریخ پراتفاق نہیں ہو اتھا۔

وزیرخزانہ نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر کسی کا حق ہے تاہم مسلح افواج کی تنصیبات پرحملے کیے جانے کو معاف نہیں کیا جاناچاہئیے۔

اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا ک پی ٹی آئی کی طرف سے کہا گیا کہ اپنے لیڈرسے بات کریں گے، مگر پھر 9مئی نے حالات کو بدل کررکھ دیا، اب مذاکرات کیسے ہوسکتے ہیں جب تک (عمران خان )قوم سے معافی نہ مانگیں، انہوںنے صرف جناح ہاؤس واقعے کی مذمت کی ہے، شہدا کی (یادگاروں) اور فوجی تنصیبات کی بربادی کی مذمت نہیں کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ میں بہت مفاہمتی سوچ کا مالک ہوں، ان حالات میں کیسے مذاکرات ہو سکتے ہیں۔

دوسری جانب گزشتہ روز لاہور میں جناح ہاؤس کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کوعمران خان چور او رغدار کہتےتھے، اور مذاکرات کی بات کا مذاق اڑاتے تھے، بہت سے دوستوں کے اختلاف کےباوجود میں بات چیت کا حامی تھا، قوم جانتی ہے مذاکرات کے دور ہوئے، مذاکرات میں پی ٹی آئی ٹیم بے مقصد بات کررہی تھی، ان کی ٹیم واپس گئی تو انہوں نے کہا اب کچھ نہیں کرنا، مذاکراتی ٹیم کے کچھ لوگ ان کے ساتھ ہیں اور کچھ اب گھر بیٹھے ہیں، بات چیت کا بھی کوئی ماحول اور ایجنڈا ہوتا ہے، لیکن اب مذاکرات کا ماحول نہیں۔

pti

Ishaq Dar

imran khan

9 May