Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

حکومت نے ایک بار پھر عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش کو ”ناں“ کردی

بات چیت کا بھی کوئی ماحول اور ایجنڈا ہوتا ہے، لیکن اب مذاکرات کا ماحول نہیں، سعد رفیق
شائع 28 مئ 2023 10:09pm
سعد رفیق لاہور میں جناح ہاؤس کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں (اسکرین گریب: آج نیوز)
سعد رفیق لاہور میں جناح ہاؤس کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے ہیں (اسکرین گریب: آج نیوز)

حکومت نے ایک بار پھر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے مذاکرات کیلئے کی گئی پیشکش مسترد کردی ہے۔

لاہور میں جناح ہاؤس کے دورے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں کوعمران خان چور او رغدار کہتےتھے، اور مذاکرات کی بات کا مذاق اڑاتے تھے، بہت سے دوستوں کے اختلاف کےباوجود میں بات چیت کا حامی تھا، قوم جانتی ہے مذاکرات کے دور ہوئے، مذاکرات میں پی ٹی آئی ٹیم بے مقصد بات کررہی تھی، ان کی ٹیم واپس گئی تو انہوں نے کہا اب کچھ نہیں کرنا، مذاکراتی ٹیم کے کچھ لوگ ان کے ساتھ ہیں اور کچھ اب گھر بیٹھے ہیں، بات چیت کا بھی کوئی ماحول اور ایجنڈا ہوتا ہے، لیکن اب مذاکرات کا ماحول نہیں۔

وزیرریلوے نے کہا کہ تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا علم نہیں،وفاقی حکومت آئینی مدت سے ایک دن آگے نہیں جائے گی، الیکشن آئینی مدت کے مطابق ہوں گے، کوئی بے گناہ ہوگا تو قانون کی عدالت سے چھوٹ جائے گا، جوکام انہوں نے کیے اصل میں وہ غداری ہے،یہ احتجاج نہیں حملہ، دہشتگردی اورتخریب کاری ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جناح ہاؤس میں بہت دلخراش واقعہ پیش آیا بلکہ یہ سانحہ ہے، جناح ہاؤس میں قائد اعظم کی بہت سی چیزیں موجود تھیں، ظالموں نے جناح ہاؤس میں ہر چیز کو جلا دیا، کوئی شرم نہیں کی گئی، جناح ہاؤس کے تقدس کو پامال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اسٹیبلشمنٹ سے اختلاف رہا، کبھی فوجی تنصیب کے سامنے احتجاج کا خیال بھی نہیں آیا، مشرف دور میں روز احتجاج کرتے تھے مگر کنٹونمنٹس کے تقدس کا خیال رکھتے تھے، 9 مئی کو پی ٹی آئی کی قیادت جناح ہاؤس کے باہر اور ٹکٹ ہولڈرز اندر تھے، جناح ہاؤس میں آگ پیٹرول یا ماچس سے نہیں بلکہ کیمیکل سے لگائی گئی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ اپنی فوج کو ٹارگٹ کریں ان سے بدبخت اور بدقسمت کوئی نہیں، جی ایچ کیو اور کور کمانڈر پر حملہ سیاست نہیں بلکہ دہشت گردوں کا کام ہے، ہماری کوشش ہے کہ کسی بے گناہ کو سزا ملے اور گنہگار کو چھوڑا نہ جائے۔

خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ بات کرنے کا ماحول اور ایجنڈا ہوتا ہے لیکن مذاکرات کا یہ ماحول نہیں ہے، عمران خان نے جو کمیٹی بنائی اس سے کوئی مذاکرات نہیں کرے گا۔

سعد رفیق نے کہا کہ جی ایچ کیو ہماری طاقت کی علامت ہے، کور کمانڈر ہاؤس پر تین اطراف سے حملہ کیا گیا، سب کو معلوم ہے یہ سرحدی محافظ کے سب سے بڑے افسر کی رہائشگاہ ہے، کور کمانڈر، ان کی اہلیہ کےساتھ بدتمیزی کی گئی، یہ کس طرح کےلوگ ہیں؟

انہوں نے کہا کہ ایم ایم عالم کا جہاز ہماری طاقت اور ہمت کا ثبوت ہے، جو لوگ فوج کو ٹارگٹ کریں ان سے زیادہ بدبخت کوئی نہیں، جو کئی کلومیٹرز تک سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں ان کے ساتھ یہ کیا گیا، پانچ گنا طاقتور دشمن کو روکنے والوں کیلئے انہیں روکنا مشکل نہیں تھا، پاک فوج بارڈر کے اندر اور باہر دہری جنگ لڑرہی ہے، آپ اپنی مسلح افواج کو شرمندہ نہیں کرسکتے۔

گزشتہ روز پاکستان مسلم (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے بھی کہا تھا کہ شہداء کی یادگاروں کو جلانے والوں سے بات نہیں ہوگی۔

ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں نواز شریف نے کہا تھا کہ ملک کو آگ لگانے والے دہشتگردوں، تخریب کاروں سے بات نہیں ہوگی، اور نہ ہی شہداءکی یادگاروں کو جلانے والوں سے بات ہوگی۔

گزشتہ روزہی وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کی مذاکرات کی پیشکش کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مذاکرات کی اپیل نہیں بلکہ این آر او مانگ رہے ہیں۔

ایک روز قبل تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ویڈیو پیغام میں فیصلہ سازوں کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کے حالات مزید خراب ہونے کی صورت میں معاشرہ پھٹ جائے گا اور اسی لیے میں بات چیت کی بات کر رہا ہوں۔ ڈنڈوں اور ظلم سے مسائل حل نہیں ہوں گے، جو صرف قانون کی حکمرانی اور اداروں کو مضبوط کر کے ہی ممکن ہے۔

imran khan

PM Shehbaz Sharif

Khawaja Saad Rafique

Talks with PTI