Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

ملک چلانے والے کو دنیا یاد رکھتی ہے، جلانے والے کو نہیں، مریم نواز

9 اور 28 مئی الگ الگ علامتیں رہیں گی، ملک کسی کو جلاؤ گھیراؤ کیلئے نہیں دیا، نوازشریف
شائع 28 مئ 2023 10:18pm
فوٹو ــ اسکرین گریب
فوٹو ــ اسکرین گریب

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گیدڑ کا امتحان آیا تو امریکا کے پاؤں پکڑ لیے۔ ملک چلانے والے کو دنیا یاد رکھتی ہے، جلانے والے کو نہیں۔

لاہور کے لبرٹی چوک پر یوم تکبیر جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کہتا رہا کہ امریکی سازش ہوگئی ہے ہم غلامی نہیں چاہتے حقیقی آزادی چاہتے ہیں اور اب کہتا ہے ایک بیان دے دو کیونکہ امریکا بیان دیتا ہے تو پاکستان میں ہلچل مچ جاتی ہے، گیدڑ کا امتحان آیا تو امریکا کے پاؤں پکڑ لیے۔

جماعت نہیں ٹوٹی

مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ ملک چلانے والے کو دنیا یاد رکھتی ہے، جلانے والے کو نہیں، پاکستان کے دفاع سے ترقی تک ایک ہی نام نواز شریف ہے، اتنے انتقام کا سامنا کرنے کے باوجود نواز شریف کی جماعت نہیں ٹوٹی اس کے ساتھی سیسہ پلائی دیوار کی طرح ساتھ کھڑے ہیں اور دوسری طرف سب کچھ منٹوں میں بہہ گیا قوموں پر مشکل وقت آتے ہیں لیکن لیڈر قوم کے سامنے ڈھال بن کر کھڑا ہوتا ہے۔

پاکستان کے ایٹمی قوت بننے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ بھارت نے ایٹمی دھماکے کیے تو نواز شریف بیرون ملک کے دورے پر تھے، نواز شریف نے بھارتی دھماکوں کے 17 دن بعد ایٹمی دھماکے کیے۔

منہ پر بالٹی ڈال کر چھپ جاتا

چیف آرگنائزر مسلم لیگ ن نے کہا کہ بل کلٹن نواز شریف کو کہتا تھا 5 ارب ڈالر لے لو ایٹمی دھماکے نہ کرو، نوازشریف نے کہا میں قوم اور مٹی سے وفا کروں گا، ڈالر اپنے پاس رکھو۔ 28 مئی 1998 کے وقت بزدل قیادت کررہا ہوتا تو منہ پر بالٹی ڈال کر چھپ جاتا، بہادر قوموں کی قیادت بہادر لیڈر شپ کرتی ہے۔

کون سا پاکستان چاہیے

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری پر جلاؤ گھیراؤ کی بات کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ دفاعی علامتوں اور عمارتوں کو جلا دیا گیا، دشمن پر استعمال ہونے والی توپوں کو دریا میں پھینک دیا گیا، دشمن کے طیارے گرانے والے طیاروں کو آگ لگا دی گئی، پاکستانیو! 28 مئی کے پاکستان کو زندہ رکھنا ہے یا 9 مئی کے پاکستان کو؟

لیگی سینئر نائب صدر نے کہا کہ گوادر سے کراچی، مشرق سے مغرب تک نوازشریف کے منصوبے نظر آئیں گے، 3 ادھورے ادوار کا مقابلہ 75 سالہ تاریخ سے کرلو، ان ادوار میں کوئی مدت پوری نہیں کرنے دی گئی، نوازشریف کے تاریخی منصوبے تاریخ سے نکال دو تو پیچھے کھنڈرات بچتے ہیں، انہوں نے ملک کو بھی سنبھالا، معیشت اور قوم کو بھی سنبھالا، اسے کہتے ہیں لیڈر شپ۔

نواز شریف خطاب

مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے بھی تقریب سے بذر یعہ ٹیلیفون خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ 9 مئی اور 28 مئی الگ الگ علامتیں رہیں گی، کسی کو یہ ملک جلاؤ گھیراؤ کے لیے نہیں دیا۔

نواز شریف نے اپنے دور حکومت میں اشیائے خور ونوش کی قیمتیں بتاتے ہوئے کہا کہ 2017 میں روٹی 2 روپے، چینی 50 روپے کلو تھی، پیٹرول 60 روپے فی لیٹر فروخت ہوتا تھا۔

قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ ملک سے دہشت گردی بھی میں نے ہی ختم کی، میرے دورمیں ملک ترقی کررہا تھا لیکن میری کوئی حکومت مکمل نہیں ہونے دی گئی۔

imran khan

9 May

PTI Leaders Left Party