Aaj News

اتوار, نومبر 17, 2024  
15 Jumada Al-Awwal 1446  

عمران نے آرمی کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، فتنہ اپنے انجام کو پہنچے گا، رانا ثنا

9 مئی واقعات میں ملوث ایسے افراد جن کا جرم ناقابل معافی ہے انہیں کسی صورت معافی نہیں ملے گی، وفاقی وزیر
شائع 28 مئ 2023 09:09pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے آرمی کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، اب یہ فتنہ اپنے انجام کو پہنچے گا۔

فیصل آباد میں مسلم لیگ ن کی یوم تکبیر ریلی سے خطاب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا، اب تک 9 مئی واقعات کی مذمت نہیں کی تو عمران خان کے ساتھ مذاکرات کس لیے کریں۔ جن کا جرم ناقابل معافی ہے انہیں معافی نہیں ملے گی، وہ ناک سے لکیریں بھی نکالیں گے تو معافی نہیں ملے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان نے عوام میں اصلیت ظاہر ہونے کے بعد ملکی اداروں کو دنیا بھر میں بدنام کرنے کا منصوبہ بنایا ، مجھے رات کے وقت انٹیلی جنس حکام نے فون پر بتایا کہ کچھ کالز پکڑی گئی ہیں جن میں پلاننگ کی جارہی تھی کہ کسی معروف پی ٹی آئی رہنما کے گھر فائرنگ کرکے خون خرابہ کرنا ہے ، دوسرا پلان یہ تھا کہ ریپ ایکٹ کرکے اس کا الزام ملکی اداروں پر لگانا ہے۔ اداروں کی بروقت کارروائی نے ان کا گندا منصوبہ ناکام کردیا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ اس معاملے پر ایجنسی نے رات پونے 12 بجے مجھے بتایا، میں نے کہا کہ اگلے دن پریس کانفرنس کرکے قوم کو بتادوں گا، مجھے کہا گیا کہ اس بے شرم کا پتہ نہیں آج رات ہی کارروائی کردے اس لیے مجھے رات گئے پریس کانفرنس کرنی پڑی۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جنرل فیصل نصیر کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، عمران خان نے تعیناتی کے موقع پر آرمی کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، اگر یہ کامیاب ہو جاتا تو اس کے غیر ملکی آقا کی امیدیں پوری ہوجاتیں، اس فتنے کو قوم نے سمجھ لیا ہے، شہداء کی فیملی نے فتنے کا ادارک کرلیا ہے، اب یہ فتنہ اپنے انجام کو پہنچے گا۔

PDM

ٰImran Khan

9 May