Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

عمران خان این آر او کیلئے انٹرنیشنل لابی سے رابطے میں ہیں، شرجیل میمن

کیپٹل ہل کے ماسٹر مائنڈ کو 18سال قید تو جناح ہاؤس پرحملہ کرنے والوں کو سزا کیوں نہیں، رہنما پیپلزپارٹی
اپ ڈیٹ 28 مئ 2023 05:05pm

وزیراطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ عمران خان این آر او کیلئے انٹرنیشنل لابی سے رابطے میں ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم اپنی پارٹی کے اختلافات کی وجہ سے سندھ حکومت پر تنقید نہ کرے بلکہ اپنے اختلافات پارٹی کے اندر نمٹائے، جب وزیراعلیٰ سندھ نے مردم شماری کا مسئلہ اٹھایا تھا اس وقت یہ لوگ سورہے تھے۔

شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے پورے سندھ کے حقوق کیلئے آواز اٹھائی اور سب سے زیادہ ترقیاتی فنڈز کراچی کیلئے جاری ہوئے، اس شہر میں علاج کی بہترین سہولیات موجود ہیں، سندھ بھر سے لوگ علاج کرانے یہاں آتے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان نے وفاقی حکومت سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنائی ہے، جب کہ ان کی مذاکراتی کمیٹی روپوش ہے، پی ٹی آئی چیئرمین پہلے تو کہتے تھے مر جاؤں گا ڈاکوؤں سے مذاکرات نہیں کروں گا، آج مذاکرات کیلئے کیوں بھیک مانگ رہے ہیں، اب وہ پہلے سب سے معافی مانگیں، پھر مذاکرات کا سوچیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ کارکن جیلوں میں ہیں لیکن عمران خان کو کوئی پروا نہیں، وہ کارکنوں کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرتے ہیں، اب وہ انٹرنیشنل لابی سے رابطے میں ہیں اور این آراو حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ کیپٹل ہل حملے کے ماسٹر مائنڈ کو 18 سال قید سنائی گئی ہے، جناح ہاؤس پرحملہ کرنے والوں کو سزا کیوں نہیں ہوسکتی، 9 مئی کو حکومت اور اداروں نے صبر کا مظاہرہ کیا، عمران خان اپنے خاندان کیلئے این آراو مانگ رہے ہیں، حکومت نے ان لوگوں کے نام ای سی ایل پر ڈال دیئے ہیں، ان کو ملک سے فرار ہونے کا موقع نہیں دیں گے۔

شرجیل میمن کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان کو عدلیہ سے ریلیف مل رہا ہے، ایسا تحفظ آج تک کسی کو نہیں ملا، کہا گیا عمران خان صاحب مذمت کر لیجئے گا، ملزم آپ کے سامنے کھڑا ہے پھر بھی ضمانت دے رہے ہیں۔

pti

Pakistan People's Party (PPP)

Sharjeel Inam Memon

ٰImran Khan