عمران اسماعیل، علی زیدی، اور خسرو بختیار سمیت مزید رہنماؤں کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
جلاؤ گھیراؤ کیس میں کراچی سینٹرل جیل سے رہائی کے بعد سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے پاکستان تحریک انصاف اور سیاست کو خیرباد کہہ دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ آج میری آخری سیاسی پریس کانفرنس ہے، 9 مئی کے واقعات کی ذمہ داری کسی نہ کسی نے لینی ہے، اس روز جی ایچ کیو، کور کمانڈر کے گھر اور ایم ایم عالم کے جہاز پر حملہ ہوتا ہے، لیکن یہ فیصلہ ہونا باقی ہے کہ حملہ کس نے کیا، البتہ ملزمان کو قرار واقعی سزا ملنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کا دل اپنے شہداء کے ساتھ ہے، کیسے کہہ سکتا ہوں کہ فوج سے کوئی تعلق نہیں، میں پاکستان ائیرفورس میں جانا چاہتا تھا۔
عمران اسماعیل نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سیاست کا معلوم نہیں ہے، کرنی ہے یا نہیں لیکن میں تحریک انصاف اور اس کے تمام عہدوں سے مستعفی ہوتا ہوں اور عمران خان کو اللہ حافظ کہتا ہوں۔
سابق ایم پی اے شوکت علی کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی شوکت علی نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا جبکہ انہوں نے ضمنی انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کا ٹکٹ بھی واپس کردیا۔
پشاور سے تعلق رکھنے والے سابق ایم این اے شوکت علی نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 9 اور 10 مئی کو جو واقعات ہوئے اس پر ضمیر ملامت کرتا ہے، اس لئے پی ٹی آئی کے ساتھ مزید سفر جاری نہیں رکھ سکتا۔
انہوں نے کہا کہ فوج اور ملک ہمارے ہیں اور پرتشدد مظاہروں کا کبھی حامی نہیں جبکہ جمہوریت پسند ہوں لیکن 9 مئی کو جو ہوا وہ جمہوریت نہیں۔
شوکت علی نے پارٹی کی ایڈوائزری کمیٹی کی ممبرشپ اور پارٹی رکنیت سے مستعفی ہونے اعلان کرتے ہوئے ضمنی انتخابات کے لیے پی ٹی آئی کا ٹکٹ بھی واپس کردیا۔
انہوں نے بتایا کہ مستقبل کا فیصلہ مشاورت کے بعد کروں گا لیکن فی الحال روزگار پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔
اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم کی 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر شہزاد وسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں، 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، جناح ہاؤس اور شہداء کی یاد گار پر حملے کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ حملوں میں ملوث افراد کو سزا ملنا وقت کا تقاضہ ہے، شہداء نے اس وطن کے لیے جانیں قربان کیں، پاکستان کی سالمیت کو چیلنجز درپیش ہیں، چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے مضبوط فوج ضروری ہے۔
سینیٹر شہزاد وسیم کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج نے ملک کی سالمیت کے لیے ہر قسم کی قربانی دی، گھر کو آگ لگا کر چراغاں نہیں کیا جاسکتا۔
شہزاد وسیم کچھ دیر میں اہم پریس کانفرنس کریں گے، جس میں وہ اپنے سیاسی مستقبل سے آگاہ کریں گے اور 9مئی کے واقعات کی مذمت کریں گے۔
ہاشم ڈوگر کا تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان
پی ٹی آئی رہنما ہاشم ڈوگر اور چوہدری اخلاق نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، جس میں ہاشم ڈوگر نے کہا کہ وہ 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں۔ پاک فوج اور ریاستی ادارے ہماری ریڈ لائن ہیں۔
ہاشم ڈوگر نے تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
ہاشم ڈوگر نے کہا کہ حلقے کےعوام کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے، 9 مئی کےواقعات میں ملوث افراد کو سزا ملنی چاہئے، ریاست کو سیاست پر ترجیح دینی چاہئے،۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے 30 سال پاک فوج میں ملازمت کی ہے، پاک فوج کےعوام ملک کیلئے زندگیاں قربان کر رہے ہیں۔
اختر ملک اور طارق عبداللہ بھی آؤٹ
سابق وزیرِ صحت پنجاب ڈاکٹر اختر ملک، سابق رکن صوبائی اسمبلی میاں طارق عبداللہ نے بھی پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
علی زیدی کا سیاست چھوڑنے کا اعلان
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی زیدی نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کر دیا جبکہ سابق وفاقی وزیر خسرو بختیار نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا۔
ایک ویڈیو بیان میں علی زیدی نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کافی سوچ بچار کے بعد سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، پی ٹی آئی کے تمام عہدوں سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔
مزید پڑھیں: تحریک انصاف کی مزید وکٹیں گر گئیں
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کی خدمت کی ہے اور پاکستان کے لیے سیاست میں آیا تھا، 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتا ہوں اور دوبارہ کرتا ہوں، افواج پاکستان ہمارا فخر ہے، ان کی وجہ سے ہم سکون سے سوتے ہیں کیونکہ وہ ہمارے سرحدوں کی حفاظت کرتے ہیں، جو ہوا وہ غلط ہوا، اس میں جو بھی ملوث ہو اسے کیفرکردار تک پہنچانا ضرروی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کافی سوچ بچار کے بعد یہ فیصلہ کیا جو مشکل فیصلہ تھا آسان فیصلہ نہیں تھا، فیصلہ کیا ہےکہ سیاست چھوڑ دوں گا، جب سیاست چھوڑ دوں گا تو پی ٹی آئی میں بھی جو عہدہ ہے ، ایم این اے سمیت سب سے استعفیٰ دیتا ہوں، پاکستان کی خدمت کرنے کی کوشش کروں گا۔
خسرو بختیار نے بھی تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا
دوسری جانب سابق وفاقی وزیر خسرو بختیار نے بھی عمران خان کا ساتھ چھوڑتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کو خیرباد کہہ دیا۔
مزید پڑھیں: ابرارالحق کا سیاست اور عمران خان کے دوست سیف اللہ نیازی کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
اپنے ویڈیو پیغام میں خسرو بختیار نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایک سال قبل پارٹی کی اعلیٰ اورصف اول کی قیادت سے کہا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا قومی اداروں کے ساتھ محاذ آرائی کا نیا سیاسی لائحہ عمل پارٹی کے لیے نقصان دہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی اسی پالیسی کی وجہ سے میں نے پی ٹی آئی کی سیاست سے دوری اختیار کرلی ہے، میں نے کورکمیٹی کی رکنیت اورجنوبی پنجاب کی صدارت سے بھی دوری اختیار کرلی ہے۔
خسرو بختیار کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی کے دل سوز واقعات نے مجھے مجبور کیا کہ پی ٹی آئی کے سیاسی فلسفے سے دور ہوجاؤں، میرا 25 سال کا تجربہ،مقامی، صوبائی اور قومی منصوبوں کے فرائض ادا کرنے پر محیط ہے، تحریک انصاف کے سیاسی فلسفے کے ساتھ اب نہیں چل سکتا۔
جھنگ سے پی ٹی آئی کے رہنما شیخ یعقوب بھی پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کرچکے ہیں، انہوں نے پی پی ایک سو پچیس سے پارٹی ٹکٹ بھی واپس کردی ہے۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کی جانب سے پارٹی چھوڑنے کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں: ملیکہ بخاری، مسرت اور جمشید چیمہ کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان
گزشتہ روز پی ٹی آئی کے ابرار الحق، فردوس عاشق اعوان، مراد راس اور سیف اللہ نیازی نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔
ملک قاسم خان خٹک، فیصل ڈھکو، مہر ارشاد کاٹھیہ، جمال اکبر انصاری نے بھی پارٹی کو خیر باد کہہ دیا۔
اوکاڑہ، پاکپتن اور ساہیوال سے پی ٹی آئی کے سابق ارکان اسمبلی اور تنظیمی عہدیداروں نے بھی تحریک انصاف کو چھوڑ دیا۔
فواد چوہدری ٹوئٹ
پاکستان تحریک انصاف کو خیر باد کہنے والے فواد چوہدری نے ایک بار پھر سیاست سے دور رہنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ اپنے ٹوئٹ میں پی ٹی آئی دور میں وفاقی وزیر رہنے والے فواد چوہدری نے کہا کہ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں سیاست سے بریک لے رہا ہوں، فی الحال سیاست کرنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے متعدد اہم رہنما حالیہ دنوں میں پارٹی چھوڑنے کا اعلان کر چکے ہیں۔
ان میں سے بعض رہنماؤں نے سیاست سے لاتعلقی و کنارہ کشی تک کا اعلان کر دیا ہے۔
Comments are closed on this story.