Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

مسافر نے دوران پرواز طیارے کا دروازہ کھول لیا

جنوبی کوریا میں طیارے کا لینڈنگ سے قبل دروازہ کھولنے والا مسافر زیر حراست
شائع 26 مئ 2023 07:39pm
فوٹو ــ ٹوئٹر
فوٹو ــ ٹوئٹر

جنوبی کوریا میں ایشیانا طیارے کے مسافر نے ڈیگو ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل ہی جہاز کا دروازہ کھول دیا۔ جس پر پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

ایشیانا کے ترجمان نے بتایا کہ ایئربس A321-200 کا ایمرجنسی ایگزٹ لینڈنگ سے 2 یا 3 منٹ قبل کھولا گیا، اس وقت تمام مسافر سیٹ بیلٹ پہنے ہوئے تھے جس کی وجہ سے وہ محفوظ رہے۔

طیارہ جزیرے جیجو سے ایک گھنٹے کی پرواز کے بعد ڈیگو ایئرپورٹ پر اُترنے والا تھا جس وقت اس کا دروازہ کھولا گیا تاہم طیارہ بحفاظت لینڈ کروالیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایمرجنسی ایگزٹ کے ساتھ بیٹھے مرد مسافر نے ایک کور کھولا اور ایک لیور کھینچا تو دروازہ زمین سے تقریباً 200 میٹر (656 فٹ) کے فاصلے پر کھل گیا۔

اہلکار نے بتایا کہ ایمرجنسی ایگزٹ کو کھولنا ممکن تھا کیونکہ طیارہ زمین کے قریب تھا اور کیبن کے اندر اور باہر کا دباؤ ایک جیسا تھا۔

دوسری طرف ڈیگو فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے میڈیا کو بتایا کہ طیارے میں سوار کچھ مسافروں کی حالت غیر ہوگئی تھی، انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی، جس کے باعث انہیں مقامی اسپتال منتقل کیا گیا۔

جنوبی کوریا کے وزارت ٹرانسپورٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ پولیس نے دروازہ کھولنے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور حکام ایوی ایشن سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کر رہے ہیں اور جائزہ لے رہے ہیں کہ ایشیانا ایئر لائنز نے ہنگامی بنیادوں پر باہر نکلنے کے پروٹوکول کی پیروی کی ہے یا نہیں۔

PIA

Asiana Airlines

Airon plan safety management