Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

زمان پارک کا خاکروب عمران خان کے ضمانتی مچلکے دینے عدالت پہنچ گیا

عدالت نےعمران خان کے ضمانتی مچلکے مسترد کر دیئے
شائع 26 مئ 2023 05:54pm

زمان پارک کا خاکروب عمران خان کے ضمانتی مچلکے دینے عدالت پہنچ گیا، تاہم عدالت نے اسے مسترد کردیا۔

لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف جناح ہاؤس حملہ کیس کی سماعت ہوئی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج اعجاز بٹر نے کیس پر سماعت کی۔ جب کہ عمران خان کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے زمان پارک کا خاکروب شیروز بھی عدالت میں پیش ہوا۔

خاکروب شیروز کی جانب سے عدالت میں عمران خان کے 3 لاکھ روپے نقد ضمانتی مچلکے جمع کروانے کی استدعا کی گئی۔

عدالت نے استفسار کیا کہ آپ کیا کرتے ہیں؟۔ جس پر ضمانتی نے بیان دیا کہ وہ عمران خان کے خاکروب ہیں۔ عدالت نے استفسار کیا کہ یہ مچلکے کیسے منظور کر لیں، عمران خان پیش نہ ہوئے تو کیا کریں؟ کل عمران خان پیش نہ ہوئے تو آپ ذمہ دار ہوں گے۔ عدالتی ریمارکس سننے کے بعد خاکروب نے چپ سادھ لی۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد عمران خان کے ضمانتی مچلکے مسترد کر دیئے۔

عمران خان کا ضمانتی سویپر شیروز چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ نمبر23 /1271 گلبرگ، 96/23 سرور روڈ اور 768/23 تھانہ شادمان میں درج مقدمے میں ضمانتی مچلکے جمع کرانے آیا تھا۔

imran khan

PTI protest

zaman park

imran khan arrested

politics may 26 2023