Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ابرارالحق کا سیاست اور عمران خان کے دوست سیف اللہ نیازی کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

پی ٹی آئی کے سابق ایم پی اے ملک قاسم، عباس جعفری اور دیگر کا بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان
اپ ڈیٹ 26 مئ 2023 10:19pm

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما معروف گلوکار ابرار الحق نے سیاست اور عمران خان کے قریبی دوست سینیٹر سیف اللہ نیازی نے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

9 مئی کے پرتشدد واقعات سے نالاں تحریک انصاف کے متعدد رہنما اب پارٹی سے علیحدگی اختیار کرچکے ہیں، یہ سلسلہ 9 مئی سے آج تک تسلسل کے ساتھ جاری ہے، اور روازنہ کی بنیاد پر 3 سے 5 رہنما پارٹی سے راہیں جدا کررہے ہیں۔

معروف گلوکار ابرار الحق کا سیاست سے کنارہ کشی کا اعلان

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف رہنما ابرار الحق کا کہنا تھا کہ میری پرورش سیاسی اور فوجی گھرانے میں ہوئی، راشد منہاس یا میجر عزیز بھٹی ہمارے ہیروز تھے، ہم بچپن سے ہی شہادت کے رتبے کا سوچتے تھے۔

ابرارالحق کا کہنا تھا کہ اللہ نے شہرت دی تو فلاحی کام کیے، سیاست میں آنے کا مقصد بڑا کام کرنا تھا، لیکن بدقسمتی سے سیاست میں جو کام کرنا تھا وہ پورا ہوتا نظر نہیں آرہا، ہمیں سیاست میں خدمت والا عنصر نظر نہیں آرہا، تو پھر ہم ایسا کام کیوں کریں جس میں سوائے اندھیرے کے کچھ نظر نہیں آرہا۔

ابرار الحق نے آبدیدہ ہوتے ہوئے تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا اور کہا کہ شاید ہی کوئی ہوگا جس نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت نہ کی ہو، ان واقعات کی مجھے شدید تکلیف ہے، اس طرح کے رویوں کے ساتھ آگے بڑھتے رہے تو پاکستان آگے نہیں بڑھ سکتا، سوشل ورک کے لیے سیاست بھی چھوڑ سکتا ہوں، بے قصور کارکنوں کو فوری چھوڑنا چاہئے، اور 9 مئی کے واقعات میں جو ملوث ہیں انہیں ضرور سزا ملنی چاہئے۔

صحافی نے ابرار الحق سے سوال کیا کہ کیا 9 مئی کے واقعے کے ذمہ دار عمران خان ہیں؟۔ تو ابرار الحق جواب دیئے بغیرپریس کانفرنس سے اٹھ گئے۔

عمران خان کے قریبی ساتھی سیف اللہ نیازی نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا

تحریک انصاف کے سرکردہ رہنما اور چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے قریبی اور بااعتماد ساتھی سینیٹر سیف اللہ نیازی نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کرلی ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سینٹرسیف اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات کی شدید مذمت کرتا ہوں، میں تحریک انصاف سے لاتعلق ہوں، مستقبل میں اپنی فیملی اور صحت پر توجہ دوں گا۔

سابق ایم این اے شیخ خرم شہزاد کو تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان

فیصل آباد سے تحریک انصاف کے سابق ایم این اے شیخ خرم شہزاد نے بھی پارٹی کو خیرباد کہہ دیا ہے۔ انہوں نے فیصل آباد میں اپنی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا وہ افسوسناک ہے، اس پارٹی میں گیارہ سال گزارے ہیں اور عوام کی خدمت کی ہے پورا شہر گواہ ہے، اب پی ٹی آئی کے ساتھ نہیں چل سکتا، پارٹی چھوڑنے کیلئے مجھ پرکوئی دباؤ نہیں۔

سابق وزیرتعلیم مراد راس

تحریک انصاف کے سینئر رہنما اور سابق وزیرتعلیم پنجاب مراد راس نے بھی پارٹی سے راہیں جدا کرلی ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما مراد راس نے پارٹی چھوڑنے کا اعلان لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا اور اس دوران آبدیدہ ہوگئے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے 2008 میں تحریک انصاف کو جوائن کیا تھا، اور کشتیاں جلا کر اپنی جدوجہد کا آغاز کیا، کبھی سوچا نہیں تھا حالات ایسے ہوں گے۔ جس چیز میں ہمارا یقین نہیں تھا وہ پر تشدد احتجاج تھا، ہم اداروں کے ساتھ لڑائی نہیں چاہتے، ہم اختلافات کو بات چیت سے حل کرنا چاہتے ہیں، بات چیت کرنی ہے تو ملک کے اندر بیٹھے لوگوں کے ساتھ کرنی ہے، عمران خان کے مشیر ان حالات کے ذمہ دار ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے مراد راس کے پارٹی چھوڑنے اور پریس کانفرنس کے دوران آبدیدہ ہونے سے متعلق ٹوئٹ کیا۔ جس میں انھوں نے معروف سرائیکی شاعر شاکر شجاع آباد کا شعر شیئر کیا

سابق وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

پیپلزپارٹی سے تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے سیاسی سفر شروع کرنے والی فردوس عاشق اعوان کا پی ٹی آئی میں بھی سفر تمام ہوگیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پارٹی سے علیحدگی کااعلان کرتے ہوئے یہ بھی واضح کیا کہ میں اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھوں گی۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان اورپاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے، دھرتی کو بے نظیر کرنے کیلئے پی ٹی آئی جوائن کی تھی، مٹھی بھر افراد نے وزیراعظم کی سوچ کو یرغمال بنایا ہوا تھا،

سابق وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کرنے والے 9 مئی کے ذمہ دار ہیں، 9 مئی کو کارکنوں کو ٹشو پیپر کی طرح استعمال کیا گیا۔

سابق صوبائی مشیر ملک قاسم خان کا پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان

تحریک انصاف کے رہنما اور سابق صوبائی مشیر ملک قاسم خان نے بھی اپنے ساتھیوں سمیت پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے، ان کے ہمراہ صدر انصاف لائر ونگ، صدر خواتین ونگ اور صدر پاکستان یوتھ ونگ بھی موجود تھے۔۔

پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہ ملک قاسم خان خٹک نے پارٹی سے علیحدگی کا اعلان کیا اور کہا کہ 2013 میں آزاد حیثیت سے آیا اور بہت کچھ برداشت کیا، ہم پرکوئی دباؤ نہیں ہے، ہم رضاکارانہ طور پر آئے ہیں، بغیر کسی دباؤ کے آج ساتھیوں کے ساتھ مشورہ کرکے پی ٹی آئی کو خیرآباد کہہ رہا ہوں۔

سابق مشیر جیل خانہ جات نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ اگر ادارے مضبوط ہوں تو ہم بھی مضبوط ہوں گے، لیکن عمران خان جو کہتے ہیں وہ نہیں کرتے اور جو نہیں کہتے وہ کرتے ہیں، اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

سابق ایم پی اے احسن انصر بھٹی

حافظ آباد سے تعلق رکھنے والے تحریک انصاف کے رہنما اور سابق ایم پی اے احسن انصر بھٹی نے پی ٹی آئی چھوڑ دی ہے۔ وہ پی پی71سےایم پی اے منتخب ہوئے تھے، اور 9 مئی کو پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے پر انہیں گرفتار کر لیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کوہاٹ کے سینئر نائب صدر بھی جماعت چھوڑ گئے

پاکستان تحریک انصاف کوہاٹ کے سنئیر نائب صدر بشیر احمد نے 9 مئی کے واقعات کی پر زور مزمت کرتے ہوئے پی ٹی آئی چھوڑنے کا باقاعدہ اعلان کردیا۔

کوہاٹ پریس کلب میں منعقدہ ہنگامی پریس کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کی تنصیبات کو نقصان پہنچانے اور شہداء کے یادگار مسمار کرنے کی پرزور مزمت کی اور ان واقعات کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا اور ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچانے کی ضرورت پرزور دیا۔

بشیر احمد نے کہا کہ ملکی اداروں کو نقصان پہنچانے والی جماعت کے ساتھ چلنا مشکل اور ملک کے ساتھ غداری ہے لہذا ان وجوہات کی بناء پر تحریک انصاف سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کرتا ہوں۔

پی ٹی آئی کے ایک اور رکن سندھ اسمبلی کا پارٹی چھوڑنے کا اعلان

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری نے بھی پارٹی چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

کراچی سے پی ٹی آئی کے منتخب رکن سندھ اسمبلی عباس جعفری نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرلی۔

عباسی جعفری نے ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے 9 مئی کے واقعے کی مذمت کی اور پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد پاکستان آرمی ہے، جو کچھ بھی 9 مئی کو ہوا اس کی مذمت کرتا ہوں، میں پارٹی پوزیشن اور پارٹی رکنیت سے استعفیٰ دیتا ہوں۔

واضح رہے کہ عباس جعفری پی ایس 125 سے رکنِ اسمبلی سے منتخب ہوئے تھے۔

pti

karachi

politics may 26 2023

member sindh assembly

abbas jafri