Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت نہیں سمجھتا لیکن اس پر پابندی کے حق میں نہیں، یوسف رضا گیلانی

شاہ محمود قریشی کی واپسی کا فیصلہ میں نے نہیں، پارٹی نے کرنا ہے، رہنما پیپلز پارٹی
شائع 25 مئ 2023 09:55pm
یوسف رضا گیلانی کی ملتان میں میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو — اسکرین گریب
یوسف رضا گیلانی کی ملتان میں میڈیا سے گفتگو۔ فوٹو — اسکرین گریب

سابق وزیراعظم اور سینئر رہنما پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر یوسف رضا گیلانی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو سیاسی جماعت نہیں سمجھتا لیکن پھر بھی اس پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں۔

ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میں یوم شہداء پر قوم کو پیغام دیتا ہوں یہ ملک بہت قربانیوں اور طویل جستجو کے بعد حاصل کیا گیا تھا، نیوکلیئر پاور کے ساتھ ساتھ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ہماری فوج اور ایف سی سمیت ایجنسیوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، ملک کے اندر اور باہر کے دشمن مذموم عزائم رکھتے ہیں۔

9 مئی کے واقعات پر سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو)،کور کمانڈر ہاؤس سمیت فوجی تنصیبات پر حملے پاکستان پر حملہ تصور ہوگا۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ جو حرکت کی گئی اس کے بعد پی ٹی آئی کا حشر قوم کے سامنے ہے، دنیا میں کونسا ملک ہے جو اپنے دفاعی معاملات میں مداخلت کی اجازت دیتا ہے کہیں بھی ایسا ہوتا تو سخت ردعمل آتا لیکن ہماری فوج نے صبر سے کام لیا۔

تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے والوں سے متعلق ایک سوال پر پی پی رہنما نے کہا کہ ان کے کوئی سیاسی نظریات تو تھے نہیں، جیسے لائے گئے ویسے ہی واپس جارہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی کی پیپلز پارٹی میں واپسی کے سوال پر ان کا کہناتھا کہ شاہ محمود قریشی کی واپسی کا فیصلہ میں نے نہیں، پارٹی نے کرنا ہے، دوسری جماعتوں سے آنے والوں کی واپسی کا فیصلہ کیس ٹو کیس کیا جائے گا جب کہ اس دوران ان رہنماوں کے سابقہ بیانات کو بھی دیکھا جائے گا۔

pti

Shah Mehmood Qureshi

PPP

Multan

Yousaf Raza Gilani

Politics May 25 2023