Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

ریانہ برناوی اپنے ساتھ دادی کی بالیاں بھی خلا میں لے گئیں

خلائی مشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ایک ہفتہ رہے گا اور سائنسی تحقیقی تجربات کرے گا
شائع 25 مئ 2023 07:04pm
فوٹو ــ ٹوئٹر / ریانہ برناوی
فوٹو ــ ٹوئٹر / ریانہ برناوی

سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی ریانہ برناوی اپنے ساتھ دادی کی بالیاں بھی خلا میں لے گئیں۔

اسپیس ایکس کا تاریخی خلائی مشن سعودی خاتون سمیت 4 خلاء بازوں کو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے 22 مئی کو روانہ ہوا تھا۔

مشن پر جانے والی پہلی سعودی خاتون ریانہ برناوی اور ساتھیوں کی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پہنچنے کی تصاویر سامنے آرہی ہیں جس میں تمام ہی افراد خاصے خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

ریانہ برناوی نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں وہ خوش و خرم نظر آرہی ہیں۔ فوٹو میں وہ اپنی بالیاں انگلی کے اشارے سے دکھا رہی ہیں در اصل وہ اپنے ساتھ دادی کی بالیاں بھی خلا میں ساتھ لے گئی ہیں۔

سعودی عرب سے تعلق رکھنے والی بریسٹ کینسر ریسرچر ریانہ برناوی اس مشن میں سعودی ساتھی علی القرنی کے ساتھ خلائی مشن پر روانہ ہوئی ہیں جو ایک فائٹر پائلٹ ہیں۔ ان کے علاوہ پیگی وٹسن اور جان شوفنر بھی اس خلائی مشن پر روانہ ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر 8 دن قیام کے دوران یہ چاروں خلاء باز 20 تحقیقی منصوبوں پر کام کریں گے۔

واضح رہے کہ مشن کا سفر امریکی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 37 منٹ پر کیپ کیناورل میں واقع کینیڈی اسپیس سینٹر سے اسپیس ایکس فالکن 9 راکٹ کے ذریعے شروع ہوا تھا۔

اسپیس اتھارٹی کے مطابق یہ سفر سعودی عرب کے خلائی تسخیر کے پروگرام کے فریم ورک کا حصہ ہے، خلائی مشن بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ایک ہفتہ گزارے گا اور سائنسی تحقیقی تجربات کرے گا۔

Space Travel

Space station

Airspace

SPACE CAPSULE