Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

دہشت گردی کا مسئلہ سنجیدہ نہیں لیا تو تباہی ہوگی، وزیرخارجہ

کالعدم ٹی ٹی پی کی دہشتگردی پر تشدید تحفظات ہیں افغان حکومت اسے اپنا مسئلہ سمجھ کر اقدامات کرے، بلاول بھٹو زرداری
اپ ڈیٹ 26 مئ 2023 12:30am
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہماری خارجہ پالیسی بہتری کی جانب گامزن ہے، دنیا کا مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہونا دشمنوں کو منہ توڑ جواب ہے۔

سینیٹ کی امور خارجہ کمیٹی میں گفتگو میں وزیر خارجہ نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی ہمارا بڑا اشو ہے ، عوام اور مجھے امید ہے کہ افغان عبوری حکومت ہمارے کور اشو کو ایسے دیکھیں گے جیسے یہ ان کا اپنا مسئلہ ہو۔

وزیرخارجہ نے مزید کہا کہ سیکیورٹی کے مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا گیا تو تباہی ہوگی۔ ہمارے پاس ثبوت ہیں کہ سرحد پار سے دہشت گرد پاکستان آرہے ہیں۔ دہشت گرد براہ راست ہمارے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدف بنا رہے ہیں، اس معاملے پر سمجھوتہ نہیں ہوسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے پاس بارڈر منیجمنٹ فورس نہیں ہے سرحد کے معاملات کا انتظام دو طرفہ طور پر چلایا جاتا ہے۔ ٹی ایل پی اور دیگر بلوچسستان کی کالعدم تنظیم کا مسئلہ ہمارے مؤقف کو سمجھ کر حل کرنا چاہیے۔ جب تک مسئلہ حل نہیں ہوتا تو باہمی تعلقات میں مسئلہ درپیش ہوسکتا ہے۔ افغان حکومت کے ساتھ رابطے میں رہیں گا مل کر مسائل حل کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے گوا میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے حوالے سے بتایا کہ اوپن فیلڈ بھارت کو نہیں دینا چاہتے تھے اس لئے ایس سی او اجلاس میں شرکت کی اور پاکستان کا بیانیہ دنیا کے سامنے رکھا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ نیوی کمانڈر کو پاکستان بھیجا گیا، بھارتی میڈیا بھی کلبھوشن سے متعلق زیادہ معلومات نہیں رکھتا اور میرے انٹرویو کے دوران کلبھوشن کا نام سن کر میزبان جذباتی ہوگیا تھا لیکن ہمارا حق ہے کہ عالمی سطح پر یہ معاملہ اٹھائیں۔

بھارتی وزیر خارجہ کی بات کرتے ہوئے بلاول نے کہا کہ ہم بات چیت کے حامی ہیں، پاکستان امن چاہتا ہے، بھارت اس راہ میں رکاوٹ ہے، بھارتی وزیرخارجہ کی پریس کانفرنس غیرذمہ دارانہ تھی، بھارتی وزیرخارجہ کے الزامات کا بھرپور انداز میں جواب دیا۔ بھارت نے ایس سی او کے پلیٹ فارم کا غلط استعمال کیا، مستقبل میں پاکستان کو بھی شنگھائی تعاون تنظیم کی میزبانی کا موقع ملے گا، ہم چاہتے ہیں کہ مل کر دہشت گردی کا حل نکالیں۔

انھوں نے کہا کہ دورہ بھارت میں پیغام پہنچایا کہ مسلمان دہشت گرد نہیں ہیں ، پاکستان کی سیاسی لیڈر شپ اور پارلیمنٹیرین کو بھارتی اور دیگر غیر ملکی میڈیا سے بات چیت کرکے پاکستانی مؤقف کو اجاگر کرنا چاہیے۔ کشمیرمتنازع علاقہ ہے، عالمی سطح پر تسلیم کیا جاچکا ہے اس حوالے سے بھی پاکستان اپنے اصولی مؤقف پر کھڑا ہے۔

اس سے قبل اسلام آباد میں فضائیہ میڈیکل کالج کے دوسرے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاس ہونے والے تمام طلباء کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اپنی روایات اور اقدار کو کبھی مت بھولیں۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ امید ہے کامیاب طلباء ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گے، ہر مشکل آپ کو مضبوط بنائے گی، طلباء معاشرے کی بہتری کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دنیا اس وقت متعدد چیلنجز کا سامنا کررہی ہے، ہماری خارجہ پالیسی بہتری کی جانب گامزن ہے۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ دنیا کو اس وقت موسمیاتی تبدیلیوں کا سامنا ہے، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات پر دنیا پاکستان کے ساتھ ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ دنیا کا مشکل وقت میں پاکستان کے ساتھ ہونا دشمنوں کو منہ توڑ جواب ہے، پاکستان نے جس طرح کورونا کا مقابلہ کیا وہ بھی دنیا کے سامنے ہے، جدید ٹیکنالوجی اپنانے والے ملک ترقی کریں گے، ہمیشہ کوشش رہی کہ میڈیکل کے شعبے میں ترقی لائی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ گمبٹ کی تحصیل کے سرکاری اسپتال میں لیور ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے، گمبٹ کے سرکاری اسپتال میں مفت بون میرو ٹرانسپلانٹ ہوتا ہے۔

foreign minister

اسلام آباد

Bilawal Bhutto Zardari

Politics May 25 2023

Air Force Medical College