Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

پی ٹی آئی کی سابق ایم این اے عائشہ گلالئی ق لیگ میں شامل

ق لیگ میں مزید اہم سیاسی رہنما بھی شمولیت اختیار کریں گے، ذرائع
اپ ڈیٹ 25 مئ 2023 04:14pm

تحریک انصاف کی سابق ایم این اے عائشہ گلالئی نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کرلی۔

تحریک انصاف کی سابق رہنما اور وفاقی وزیر عائشہ گلالئی نے ق لیگ میں شمولیت اخیتار کرلی ہے، جب کہ ولی محمد خان، حاجی سلیمان خان، چوہدری خالد محمود اور سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے بریارخاندان کے رہنماؤں نے بھی پاکستان مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے سیاست جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تمام رہنما نے چوہدری شجاعت حسین سے ملاقات کی، اور پاکستان مسلم لیگ ق میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔

سابق پی ٹی آئی رہنما عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں یوم تکریم شہدا پاکستان منایا جارہاہے، پاکستان کے بہادر بیٹوں اور انکی ماؤں بہن کو خراج عقیدت پیش کرتی ہوں، پاکستان کا ہر بیٹا اور ہر بچہ آپکا بیٹا ہے، وہ اپکی قدر کرنا بھی جانتا ہے، پاکستان اسلام کا قلعہ ہے، اس قلعے کے محافظ پاک فوج ہے، پاکستان کا ہر شہری پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہے۔

عائشہ گلالئی نے کہا کہ ہم پی ٹی آئی میں کسی شخصیت کیلئے نہیں بلکہ روشن پاکستان کیلئے آئے تھے، 2017 میں یزدیت کے خلاف حلف اٹھایا، مجھے پتہ تھا ہواؤں کارخ کس طرف ہے، میں نے جو باتیں کہی آج ساری باتیں سچ ہوتی نظر آرہی ہیں۔

عائشہ گلالئی کا کہنا تھا کہ 5 سال بہت سی سیاسی جماعتوں نے دعوت دی مگر کسی پارٹی میں نہیں گئی، آخر میں نے پاکستان مسلم لیگ جوائن کی کیوں کہ یہ قائد اعظم کی امانت جماعت ہے، اس جماعت میں اس لیے آئی ہوں کہ چوہدری شجاعت پاکستان کے زیرک سیاستدان ہیں، اور انہوں نے کبھی ذاتی مفاد کیلئے ملکی سلامتی کو خطرے میں نہیں ڈالا، وزیراعظم کی کرسی میں رہنے کے باوجود ان پر کرپشن کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا۔

سابق پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ چوہدری سرور دو بار یورپی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے، انہوں نے جو وہاں سیکھا وہ پاکستان کیلئے بہتر سٹریٹجی اپلائی کریں گے، باقی سیاسی جماعتوں میں ون مین شو دیکھا، لیکن اس پارٹی کو عوامی اور جمہوری پارٹی سمجھ کر آئی ہو، ہمارا منشور نوجوانوں کی روزگاری کو ختم کرنا ہے۔

چوہدری شجاعت حسین کا بیان

مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ منافقت اورتکبر نہ ہو تو ہمیشہ کامیاب رہیں گے، جس شخص میں ”میں“آجائے ناکامی اس کا مقدربنتی ہے۔

چوہدری شجاعت نے کہا کہ میں سب کو ساتھ لے کر چلوں گا، ہماری پارٹی کو موقع ملا تو بہتر طریقے سے خدمت کریں گے۔

چوہدری سرور کا بیان

سابق گورنر پنجاب اور ق لیگ کے رہنما چوہدری سرور کاکہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کی قیادت میں کثیر تعداد میں لوگ ہماری جماعت میں شامل ہورہے ہیں، استحکام پاکستان کیلئے 9 مئی کی ریلی صرف لاہورنہیں بلکہ پورے پاکستان میں نکالی گئی، یہ صرف پنجاب کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔

چوہدری شافع کا بیان

میڈیا سے بات کرتے ہوئے چوہدری شافع حسین کا کہنا تھا کہ عائشہ گلالئی، ولی محمد خان سمیت تمام سیاسی رہنماوں کوپارٹی میں شمولیت پرخوش آمدید کہتاہوں، چوہدری ظہور کے بعد چوہدری شجاعت نے خاندان کی سیاست سنبھالی، اور خدمت اور رواداری کی سیاست کی، ہم سب اس سیاست کو آگے لے کر چلیں گے۔

چوہدری شافع نے کہا کہ کے پی بھی پاکستان کا صوبہ ہے، بلوچستان کی ترقی کے حوالے سے بھی بات چیت ہونی چاہیئے، کے پی کے میں تحریک انصاف نے دس سالوں میں کوئی ہستپال نہیں بنایا، نہ پولیس ریفارمز آئیں اور نہ ہی میٹرو بس سے کرپشن پاک ہو سکی۔

اس موقع پر سیالکوٹ سے بریار خاندان کے سلیم بریار، سابق ایم پی اے احسن سلیم بریار اور عنصر بریار ساتھیوں سمیت مسلم لیگ میں شامل ہوگئے

pti

imran khan

pti leaders