بھارت کا رویہ دیکھنے کے بعد ٹیم ورلڈ کپ کیلئے بھیجنے کا فیصلہ کریں گے، دفترخارجہ
دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ کے لئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے،بھارت کا رویہ دیکھنے کے بعد ٹیم بھیجنے سے متعلق فیصلہ کریں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے ہفتہ وارپریس بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بیلا روس کے وزیرخارجہ 30 اور 31 مئی کو پاکستان کا دورہ کریں گے، سیکرٹری خارجہ اسد مجید خان 31 مئی کو آزر بائیجان اور جارجیا کا دورہ کریں گے، ہم نے کانگریس ارکان کا خط دیکھا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات پر خط کے مندرجات سے اتفاق نہیں کرتے، آئین میں شہریوں کے حقوق اور املاک کے تحفظ کی گارنٹی ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ ای یو انفو لیب نے حالیہ ہفتوں میں ایک اور رپورٹ جاری کی ہے، بھارت کے جھوٹے بیانیے پر پاکستان کے مؤقف کی تائید کی گئی، پاکستان کشمیریوں کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔
ورلڈ کپ کے حوالے سے ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت میں کرکٹ ورلڈ کپ کی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے، بھارتی رویے کو دیکھتے ہوئے کوئی فیصلہ کریں گے، بھارت کا رویہ مایوس کن رہا ہے، ہماری بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو ویزے نہیں دیے گئے۔
Comments are closed on this story.