پنجاب پولیس پرویز الٰہی کو گرفتار کیئے بغیر ان کی رہائشگاہ سے روانہ
سروسز اسپتال لاہور سے جاری ہونے والی سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی میڈیکل رپورٹ میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، اینٹی کرپشن کی انکوائری پر سروسز اسپتال نے میڈیکل رپورٹ جعلی قرار دے دی۔
اینٹی کرپشن کیس میں سابق وزیراعلی پنجاب پرویز الٰہی کی ضمانت منسوخی کے بعد پنجاب پولیس اور اینٹی کرپشن کی بھاری نفری ان کو گرفتار کرنے ان کی رہائشگاہ پہنچی۔
کئی دیر انتظار کے بعد بلآخر پولیس وکلا ٹیم کے ہمراہ پرویز الٰہی کی رہائشگاہ میں داخل ہوئی جب کہ پی ٹی آئی صدر کے گھرکے اطراف ظہور الٰہی روڈ ٹریفک کیلئے بند کردیئے تھے۔
ایس ایس پی آپریشنز کے مطابق اجازت کے بعد مکمل چیکنگ کر چکے ہیں، گھر میں خواتین سے ایس پی ماڈل ٹاؤن عمارہ شیرازی نے بات کی جب کہ تلاشی کے وقت پرویز الٰہی گھر پر موجود نہیں تھے۔
پی ٹی آئی صدر کے وکیل عاصم چیمہ نے کہا کہ پرویز الٰہی کے سینے میں درد تھا اسی لئے وہ عدالت نہ جا سکے، اینٹی کرپشن عدالت نے میڈیکل رپورٹ مانگی تھی، لہٰذا کل عدالت میں تمام رپورٹس جمع کروا کر درخواست کی جائے گی۔
کرپشن کیس میں چوہدری پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت خارج
لاہور کی اینٹی کرپشن عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی کرپشن کیس میں عبوری ضمانت خارج کردی۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا چوہدری نے پرویز الہٰی کی کرپشن کیس میں عبوری درخواست ضمانت پر سماعت کی۔
پرویز الٰہی کے وکیل عامر سعید راں نے حاضری معافی کی درخواست جمع کروائی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ چوہدری پرویز الہٰی کی طبیعت ناساز ہے، عدالت پیش نہیں ہو سکتے حاضری معافی کی درخواست منظور کی جائے۔
عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے چوہدری پرویز الہٰی کی عبوری ضمانت کی درخواست عدم پیروی پر خارج کر دی۔
چوہدری پرویز الہٰی نے اینٹی کرپشن لاہور کے مقدمے میں عبوری ضمانت دائر کر رکھی ہے۔ جس میں مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ روزانہ کی بنیاد پر مقدمات درج کیے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ اینٹی کرپشن حکام نے چوہدری پرویز الہٰی کے خلاف مختلف منصوبوں میں کرپشن کے حوالے سے مقدمات درج کر رکھے ہیں۔
پرویزالہیٰ کی میڈیکل رپورٹ جعلی قرار
رجسٹرار سروسز اسپتال نے سرجیکل یونٹ 2 سے جاری ہونے والے میڈیکل سرٹیفکیٹ کو جعلی قرار دے دیا ہے۔ ڈاکٹر سید زین حیدر کاظمی کی دستخط شدہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سرٹیفکیٹ کے لیے میڈیکل سلپ سرجیکل یونٹ 2 سے جاری نہیں ہوئی اور نہ ہی سرٹیفکیٹ پر لگی اسٹیمپ رجسٹرار کے استعمال میں ہے۔
ڈاکٹر نے رپورٹ میں انکشاف کیا کہ سلپ پر ان کے دستخط نہیں ہیں، وہ بدھ اور ہفتے کو سرجیکل یونٹ 2 میں نہیں تھے اور او پی ڈی کے دن منگل اور جمعرات ہیں، بدھ کے روز سرجیکل یونٹ 2 کا آپریشن تھیٹر ڈے ہوتا ہے، سرٹیفکیٹ میں بیڈ ریسٹ کی ہدایت بھی قابل شناخت نہیں ہیں۔
Comments are closed on this story.