Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

وائٹ ہاؤس ٹرک حادثہ: بھارتی نژاد ڈرائیور پر بائیڈن کو دھمکی دینے کا الزام

ورشیتھ کنڈولا کو سیکرٹ سروس نے حراست میں لیا
شائع 24 مئ 2023 12:56pm
ٹوئٹر/اسکرین گریب
ٹوئٹر/اسکرین گریب

وائٹ ہاؤس کے قریب کرائے کے باکس ٹرک کو سیکیورٹی بیریئرز سے ٹکرانے والے امریکی ریاست میسوری کے رہائشی ایک شخص پر صدر کو دھمکی دینے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ایک عینی شاہد نے پیر کی شام وائٹ ہاؤس کے احاطے سے ایک بلاک کے فاصلے پر واقع لافائیٹ اسکوائر پرتفتیش کاروں کو ٹرک کے اندر سے نازی سواستیکا کا جھنڈا کھینچتے دیکھا۔

بھارتی نژاد 19 سالہ ہندو سائیں ورشیتھ کنڈولا کو سیکرٹ سروس نے حراست میں لے لیا ہے۔ پارک پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ٹرک کے اندر سے کوئی اسلحہ نہیں ملا۔

یو ایس پارک پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ کندولا پر متعدد الزامات عائد کیے گئے ہیں جن میں صدر، نائب صدر یا خاندان کے کسی رکن کو جان سے مارنے، اغوا کرنے یا نقصان پہنچانے کی دھمکی دینا شامل ہے۔

حکام نے اس بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی ہیں کہ اس حادثےکے پیچھے کیا وجوہات ہوسکتی ہیں۔

تاہم اے بی سی نیوز نے قانون نافذ کرنے والے نامعلوم ذرائع کے حوالے سے خبر دی کہ کنڈولا نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ وہ حکومت سنبھالنا چاہتا تھا اور صدر کو قتل کرنا چاہتا تھا۔ نیٹ ورک کے مطابق حکام مشتبہ شخص کی ذہنی صحت کا جائزہ لے رہے ہیں۔

روئٹرزکے مطابق فوری طور پر پارک پولیس یا سیکرٹ سروس کے نمائندوں سے رابطہ نہیں کیا جاسکا۔

یہ حادثہ واشنگٹن کے دو تاریخی مقامات ہی ایڈمز ہوٹل اور سینٹ جان ایپسکوپل چرچ کی سڑک کے پار پیش آیا۔

کئی دہائیوں سے لافائیٹ اسکوائر سیاسی مظاہروں اور اظہار رائے کی آزادی کے واقعات کیلئے نمایاں مقام رہا ہے۔ اسے مئی 2020 میں بلیک لائیوز میٹر احتجاج کے بعد نصب کی گئی ایک باڑ کے ذریعے بند کر دیا گیا تھا۔ بعد ازاں باڑ ہٹا دی گئی لیکن اطراف کی سڑکوں سے ٹریفک روکنے والی رکاوٹیں بدستور موجود ہیں۔

مختلف واقعات میں وائٹ ہاؤس اور دیگر وفاقی عمارتوں کے ارد گرد سیکیورٹی میں مسلسل اضافہ کیا گیا ہے، جن میں 6 جنوری 2021 کو کیپیٹل میں ہونے والے فسادات بھی شامل ہیں۔ 2021 میں ایک اور واقعے میں ایک گاڑی نے کیپٹل پولیس کے دو افسران کو ٹکر مار دی تھی جس میں ایک ہلاک ہو گیا تھا۔ ڈرائیور کو پولیس نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

پیر کو پیش آنے والے حادثے کے بعد ڈبلیو یو ایس اے ٹیلی ویژن پر نشر ہونے ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک ریموٹ کنٹرول روبوٹ باکس ٹائپ یو ہول ٹرک کا پچھلا دروازہ کھول رہا ہے۔

واشنگٹن میں مقیم ائر لائن کے پائلٹ کرس زابوجی نے اس واقعے کی ایک مختصر ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئرکردی۔ زابوجی نے کہا کہ ایک زوردار دھماکے کی آواز سن کر میں نے پیچھے مڑ کر دیکھا تو دیکھا کہ یو ہال وین بیریکیڈ سے ٹکرا گئی ہے۔

حادثے کے وقت مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے سے قبل امریکی صدر جو بائیڈن کی لوکیشن واضح نہیں تھی۔ انہوں نے پیر کی شام وائٹ ہاؤس میں امریکی ایوان نمائندگان کے اسپیکر کیون میک کارتھی سے ملاقات کی تھی۔

india

Joe Biden

white house

SAI VARSHITH KANDULA

TRUCK CRASH