Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کیوں ہے؟ وجہ سامنے آگئی

روس سے سستے تیل کا پہلا ٹیسٹ کارگو جون تک پاکستان پہنچنے کا امکان
شائع 24 مئ 2023 12:08pm

وزیر مملکت پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت مہنگا ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ تیار پیٹرول و ڈیزل پر 18 سے 20 ڈالر پریمیم بنیادی وجہ ہے۔

پاکستان میں پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کیوں ہے، اس حوالے سے وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ تیار پیٹرول و ڈیزل پر 18 سے 20 ڈالر پریمیم مہنگے ہونے کی بنیادی وجہ ہے،

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ خام تیل کے کارگو پر ایک سے ڈیڑھ ڈالر پریمیم ہے، نئی ریفائنریز نہ لگیں تو سالانہ 22 ملین بیرل تیل درآمد کرنا پڑے گا۔

وزیرمملکت نے بتایا کہ ہماری سالانہ پیٹرول اور ڈیزل کی ضرورت 20 ملین ٹن ہے، 2033 تک سالانہ ضرورت 33 ملین ٹن تک پہنچ جائے گی، 9 ملین ٹن سالانہ پاکستان کی مقامی پیداوار ہے، نئی ریفائنریز نہ لگیں تو 22 ملین ٹن تیل کا گیپ آجائے گا۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام توانائی کے استحکام سے جڑا ہے، ہمیں سالانہ 7 سے 10 فیصد انرجی گروتھ کی ضرورت ہے، روس سے 1 لاکھ ٹن خام تیل منگوایا ہے، روس سے سستے تیل کا پہلا ٹیسٹ کارگو 27 مئی کو عمان پہنچنے کی توقع ہے، اور عمان سے چھوٹے جہازوں کے ذریعے تیل جون تک پاکستان پہنچے گا۔

وزیرمملکت نے بتایا کہ پاکستان میں سستا تیل پہنچے میں مزید 10 سے 15 دن لگیں گے، روس سے سستے تیل کی کیمیکل خصوصیات پہلے ہی منگوا چکے ہیں، روسی خام تیل پہلے پی آرایل ریفائنری میں جائے گا۔

petrol price

Petroleum products

Russian Petrol