Aaj News

اتوار, نومبر 03, 2024  
01 Jumada Al-Awwal 1446  

بھارت اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹے گا تو مذاکرات ہوں گے، وزیر خارجہ

میں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر دونوں کا وزیر خارجہ ہوں، بلاول بھٹو
شائع 23 مئ 2023 05:56pm
وزیر خارجہ کا باغ آزاد کشمیر میں عوامی اجتماع سے خطاب۔ فوٹو — اسکرین گریب
وزیر خارجہ کا باغ آزاد کشمیر میں عوامی اجتماع سے خطاب۔ فوٹو — اسکرین گریب

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹے گا تو ہی مذاکرات ہوں گے۔

باغ آزاد کشمیر میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں ڈرامہ رچا رہی ہے، ہم نے مودی کے جی 20 اجلاس کا منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور پاکستان کی نمائندگی کرنے کے لئے باغ آیا ہوں، ہم کشمیری عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، میں آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر دونوں کا وزیر خارجہ ہوں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ میں اسلام آباد، مظفرآباد اور سرینگر کی نمائندگی کرتا ہوں، ہمارا اور کشمیری عوام کا نسلوں کا ساتھ ہے، یہ شہدا کی سر زمین ہے، ہم شہدا کے وارث ہیں۔

مسئلہ کشمیر پر وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کاسلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل نکالا جائے، ہم کشمیریوں کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثر ہوا، مودی کو قصائی کہنے پر بھارت اعتراض کرتا ہے، سمجھوتہ ایکسپریس پر حملہ اور گجرات میں قتل عام کرنے والے اصل دہشت گرد ہیں۔

بھارت سے مذاکرات سے متعلق وزیر خارجہ نے کہا کہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کی گئی، امن کے لئے ان سے مذاکرات کے لئے تیار ہیں لیکن مذاکرات صرف برابری کی سطح پر ہوسکتے ہیں، لہٰذا بھارت محاول سازگار بنانے کے ساتھ اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹے گا تو پھر مذاکرات ہوں گے۔

مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے جی 20 اجلاس کی مخالفت کرنے والے مملاک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ چین،سعودی عرب،ترکیہ کو سرخ سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے کشمیری عوام کا ساتھ دیا جب کہ دیگر ممالک بھی جی 20 اجلاس میں احتجاجاً شریک ہوئے ہیں۔

azad kashmir

SRINAGAR

Narendra Modi

Bilawal Bhutto Zardari

ٰIndia

G20 meeting