Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Akhirah 1446  

یوم تکریم شہدا پر سرکاری چھٹی ہوگی یا نہیں؟

کابینہ ڈویژن کی چھٹی کے حوالے سے پریس ریلیز جعلی ہے، مریم اورنگزیب
اپ ڈیٹ 23 مئ 2023 07:03pm
علامتی تصویر
علامتی تصویر

’’یوم تکریم شہداء پاکستان“ کے عنوان سے 25 مئی کو ملک میں عام تعطیل کے اعلان سے متعلق اطلاعات غلط ثابت ہوئی ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے 25 مئی کو تعطیل کی تردید کی ہے۔

تعطیل کے حوالے سے زیرگردش ایک نوٹیفیکشن کی کاپی کے بارے میں حکومت کا کہنا ہے کہ یہ جعلی ہے۔ اس سے قبل آج نیوز نے نوٹی فکیشن کا حوالہ دیتے ہوئے خبر تعطیل کی خبر دی تھی جو غلط ثابت ہوئی۔ ادارہ اس پر معذرت خواہ ہے۔

سوشل میڈیا اور انٹرنیٹ پر گردش کرنے والے جعلی نوٹی فکیشن میں کابینہ ڈویژن کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا تھا کہ 25 مئی کو تمام سرکاری ونجی دفاتر و تعلیمی ادارے بند رہیں گے، اور اس روز شہداء پاکستان کی بے لوث قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے دن منایا جائے گا، ملک بھر میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے قرآن خوانی اور دعائیں ہوں گی۔

تاہم وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ کابینہ ڈویژن کا چھٹی کے حوالے سے پریس ریلیز جعلی ہے۔ وزارت اطلاعات کے ٹوئٹر ہینڈل سے بھی نوٹی فکیشن کے عکس کو جعلی قرار دیا گیا ہے۔

یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان منایا جائے گا، صرف چھٹی نہیں ہوگی

صحافیوں کی جانب سے جعلی نوٹی فکیشن کو سچ سمجھ لینے ایک سبب یہ تھا کہ یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان کا حکومت اور آرمی چیف کی جانب سے پہلے ہی اعلان کیا جا چکا تھا۔

جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں تقریبِ کے دوران آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے 25 مئی کو یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان منانے کا اعلان کیا تھا۔

منگل کو آج نیوز کے استفسار پر ذرائع نے بتایا کہ یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان منانے کا اعلان اپنی جگہ ہے اور یہ دن منایا جائے گا صرف عام تعطیل کے حوالے سے خبر جعلی ہے۔

Public Holiday

May 25 Martyrs day