Aaj News

بدھ, دسمبر 25, 2024  
22 Jumada Al-Akhirah 1446  

میئر کراچی پیپلز پارٹی کا جیالا ہی ہوگا، سعید غنی

جماعت اسلامی کو اس کے اپنے 86 اراکین کے بھی ووٹ نہیں ملیں گے، صوبائی وزیر
اپ ڈیٹ 21 مئ 2023 04:15pm

وزیر محنت سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ حافظ نعیم کسی دوسرے کو میئر کے طور پر دیکھنا نہیں چاہتے، میئر کراچی پیپلزپارٹی کا ہو گا تو بہتر کام ہو سکتا ہے۔

سندھ آرکائیو ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں ہماری 173 نشستیں ہیں، جب کہ تحریک انصاف اور جماعت اسلامی مل جائیں تو ان کی نشستیں 193 بنتی ہیں، میئر کے الیکشن میں جماعت اسلامی اپنے ووٹ بھی مکمل نہیں کرسکے گی، جبکہ پی ٹی آئی کے بھی کئی اراکین جماعت اسلامی کو ووٹ نہیں دیں گے، میئر کراچی پیپلز پارٹی کا جیالا ہی ہوگا۔

سعیدغنی کا کہنا تھا کہ ہم نے تحریک انصاف سے حمایت کی درخواست نہیں کی، پی ٹی آئی رہنماؤں پر9 مئی کے واقعات پر مقدمات درج ہوئے ہیں، کراچی کے میئر کے حوالے سے یو سی چیئرمین کو ووٹ ڈالنے کا حق دیا جائے گا، لیکن پی ٹی آئی کے بہت سے ممبران ہیں جو جماعت اسلامی کو ووٹ دینا نہیں چاہتے، جب کہ جماعت اسلامی کے خود اس کے اپنے 86 اراکین کے بھی ووٹ نہیں ملیں گے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ میئر کراچی پیپلزپارٹی کا ہو گا تو بہتر کام ہو سکتا ہے، لیکن حافظ نعیم کسی دوسرے کو میئر کراچی کے طور پر دیکھنا نہیں چاہتے، وہ اگر میئر بن جائیں تو میرٹ ہے، اور نہ بنیں تو قبضہ ہے۔ الیکشن ہوتے ہیں تو کوئی ہارتا ہے اور کوئی جیتتا ہے، کراچی میں نفرت اور منافرت کی سیاست نہ کی جائے، بلکہ سب مل بیٹھ کر شہر قائد کیلئے کام کریں۔

سعیدغنی کا کہنا تھا کہ عمران خان ملک کے سب سے بڑے سیکیورٹی رسک ہیں، وہ اپنے ہی لوگوں کو دھوکا دے رہے ہیں، گزشتہ روز ان کی ایک آڈیو لیک ہوئی، اور پتہ چلا کہ ایبسلوٹلی ناٹ کہنے والا آج انہی کو فون کر رہا ہے۔

Saeed Ghani

Hafiz Naeem ur Rehman

Jamat e Islami

Pakistan People's Party (PPP)