Aaj News

جمعرات, نومبر 21, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

کوئی رعایت نہیں ہوگی، اب عمران خان کی باری ہے، عطا تارڑ

اب ہاتھ جوڑ کر امریکا سے کہا جارہا ہے کہ آپ مداخلت کریں، رہنما ن لیگ
اپ ڈیٹ 20 مئ 2023 07:54pm
فوٹو ــ فائل
فوٹو ــ فائل

وزیراعظم کے معاون خصوصی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آپ امریکا کو کہہ رہے ہیں میری مدد کرو، خان صاحب اب آپ کی باری ہے، بالکل نہیں گھبرانا۔

لاہور میں لیگی رہنما ملک احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ نے عمران خان اور رکن امریکی کانگریس میکسین کی مبینہ زوم آڈیو لیک پر ردعمل دیا۔

چیئرمین تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ آپ نے کہا کہ امریکی سازش کے نتیجے پر حکومت ختم کی گئی، اب آپ امریکی کانگریس وومن کی خوشامد کررہے ہیں، کہہ رہے ہیں ہماری مدد کرو، بڑے برے حالات ہیں، ہم کوئی غلام ہیں والے اسٹیکرز عمران خان کے ماتھے پر لگا دینے چاہئیں۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے مزید کہا کہ آپ امریکا کو کہہ رہے ہیں میری مدد کرو، خان صاحب اب آپ کی باری ہے، بالکل نہیں گھبرانا، یہ فون کالز اور زوم میٹنگز نہیں کرنی، کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہوگی، کوئی گنہگار جیل سے باہر نہیں رہے گا۔

عطا تارڑ نے تحریک انصاف کا نام لیے بغیر کہا کہ امریکی سازش کا بیانیہ ایک سیاسی جماعت نے بنایا، اس جماعت نے ریڈیو پاکستان اور شہدا کی یاد گاروں پر حملہ کیا، یہ انتہا پسندی کی بھی انتہا ہے۔ ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر سرحدوں پر کھڑے جوانوں پر تنقید کرنا بہت آسان ہے، طیبہ راجا اور صنم جاوید نے لوگوں کو اکسایا۔

لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ آپ چاہتے ہیں لوگوں کو پکڑا نہ جائے، تاکہ پاکستان کا دشمن وہی حرکت کرے جو آپ نے کی، اب ہاتھ جوڑ کر کہا جارہا ہے کہ آپ مداخلت کریں، بیان دیں، اللہ وہ وقت کسی پر نہ لائے جو فواد چوہدری پر آیا، بڑی باتیں کرتے تھے، سیاسی انتقام ذوالفقار علی بھٹو کا قتل تھا، آپ کو تو ابھی انگلی لگی ہے تو ’اوئی‘ نکل جاتی ہے، آپ اسے سیاسی انتقام کہتے ہیں، شرم آنی چاہئے

عمران خان کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ آپ یا تو کہیں کہ حسان نیازی میرا بھانجا نہیں ہے، آپ کی تینوں بہنیں کور کمانڈر ہاؤس کے باہر موجود تھیں، جو مور لے کر آیا تھا اسے بھی بعد میں مور بنایا گیا۔

imran khan

PTI protest

politics may 20 2023

US Congresswoman