Aaj News

جمعہ, نومبر 22, 2024  
19 Jumada Al-Awwal 1446  

9 مئی کے واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے کراچی پولیس کی 4 ٹیمیں تشکیل

زونل ڈی آئی جیز تمام ٹیموں کےکام کی نگرانی کریں، ایڈیشنل آئی جی کا حکم نامہ
شائع 19 مئ 2023 03:17pm

کراچی پولیس نے 9 مئی کے پرتشدد واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے 4 خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دیں۔

کراچی میں نومئی کو پرتشدد واقعات میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلیے پولیس نے چار خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ اور پولیس چیف کراچی جاویدعالم اوڈھو نے حکم دیا ہے کہ ایس ایس پیز میڈیا سے واقعات کی وڈیوز حاصل کریں، جلاؤ گھیراو کے مقامات کی جیوفینسنگ کریں۔

کراچی پولیس چیف جاویدعالم اوڈھو کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کیلیے تشکیل کی گئی خصوصی ٹیموں میں 4 الگ ذمہ سونپی گئی ہیں، ٹیم ون میں 2 ایس ایس پیز شامل ہیں، اور یہ ٹیم پرتشدد واقعات کی سوشل میڈیا پر موجود ویڈیوز جمع کرے گی۔

جاویدعالم اوڈھو نے بتایا کہ ٹیم ٹو دو ایس ایس پیز سمیت 3 ارکان پر مشتمل ہے، یہ ٹیم ویڈیوز میں نظر آنے والے افراد کا نادرا سے ڈیٹا لے گی، اور ٹیم تھری کو دے گی، اور ٹیم تھری ٹیم ون اور ٹو کی معلومات پر چھاپے مارے گی، اور مطلوب ملزمان کو گرفتار کرے گی۔

پولیس چیف کراچی نے بتایا کہ چوتھی ٹیم ڈی آئی جی ایسٹ کی سربراہی میں کام کرے گی، اور یہ ٹیم گرفتار ملزمان سے تفتیش کرے گی، جب کہ عدالتی کارروائی کیلیے تفتیشی افسران کی معاونت کرے گی۔

پولیس چیف کراچی نے کہا ہے کہ ضلعی ایس ایس پیز میڈیا نمائندوں سے واقعات کی ویڈیوز حاصل کریں، ایس ایس پی ایس آئی یو جلاؤ گھیراؤ کے مقامات کی جیو فینسنگ کریں، ایس ایس پی ای وی ایل سی ملزمان کے زیر استعمال گاڑیوں کی نشاندہی کریں گے۔

ایڈیشنل آئی جی کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ زونل ڈی آئی جیز تمام ٹیموں کے کام کی نگرانی کریں۔

Karachi Police

PTI protest

politics may 19 2023