Aaj News

پیر, دسمبر 23, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

ریڈیو پاکستان پشاور کا مرکزی گیٹ توڑنے والا ملزم گرفتار

ملزم نے گیٹ توڑنے کے بعد 9 ہزار میں فروخت کر دیا تھا، پولیس
شائع 19 مئ 2023 02:47pm

پشاور میں ریڈیو پاکستان کا مرکزی گیٹ توڑنے والامبینہ ملزم گرفتارکرلیا گیا۔

پشاور پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ریڈیو پاکستان پشاور پر حملے کے بیشتر ملزمان کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ریڈیو پاکستان پشاور کا مرکزی گیٹ توڑنے والا ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ اس کا ساتھی پہلے ہی پولیس کی حراست میں ہے۔

حکام نے بتایا کہ محمدعمر نامی ملزم نے عمارت کا گیٹ توڑا اور ساتھ لے گیا اور بعد میں فروخت کر دیا، گیٹ ہشت نگری میں کباڑ کی دکان پر9 ہزارروپے میں فروخت کیا گیا۔

حکام نے بتایا کہ ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کی گئی تو اس نے اعتراف کیا اور اسی کی نشاندہی پر ریڈیوپاکستان کا مرکزی گیٹ برآمد کر لیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق ریڈیو پاکستان کے مرکزی دروازے پر دھاوا بولنے والے دیگر ملزمان کی شناخت کا عمل جاری ہے، اور انہیں بھی بہت جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 9 مئی کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کے بعد جہاں ملک بھر میں احتجاج اور مظاہرے کئے گئے وہیں خیبرپختون خوا اور پنجاب میں سرکاری املاک اور فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

پشاور میں مشتعل افراد کی جانب سے ریڈیو پاکستان کی عمارت پر حملہ کیا گیا جنہوں نے توڑ پھوڑ کے بعد بلڈنگ کو آگ لگادی۔ تقریباً 1200 سے 1300 افراد نے قلعہ بالاحصار پرفائرنگ کی جس کے نتیجتےمیں چار افراد جاں بحق اور 34 زخمی ہوئے۔

pti

PTI protest

Radio Pakistan

politics may 19 2023