Aaj News

اتوار, دسمبر 22, 2024  
20 Jumada Al-Akhirah 1446  

کچے میں آپریشن کا چالیس واں روز : ڈاکوؤں کے مزید تین خفیہ ٹھکانے تباہ

آپریشن کے دوران 3 ڈاکو ہلاک اور 33 گرفتار
اپ ڈیٹ 18 مئ 2023 11:33am

کچہ رجوانی میں پولیس نے ڈاکوؤں کے مزید تین خفیہ ٹھکانے تباہ کردئیے۔

صادق آباد میں کچے کے علاقے میں پولیس کے آپریشن کا چالیس واں روز ہے، کارروائی کے دوران کچہ رجوانی میں پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

پولیس حکام کے مطابق ڈاکوؤں کے مزید تین خفیہ ٹھکانے تباہ کردئیے گئے ہیں، اور نو گو ایریا سمجھا جانے والاعلاقہ ڈاکوؤں سے خالی کروا لیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ آپریشن کے دوران اب تک 3 ڈاکو ہلاک اور 33 کو گرفتار کیا گیا ہے، جب کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

راجن پور میں پولیس آپریشن

راجن پور میں ڈاکوؤں کے خلاف آپریشن جاری ہے، چک عمرانی میں پولیس آپریشن کے دوران دو مغویوں کو بازیاب کرالیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے بعد عمرانی گینگ کے کارندے کمیں گاہیں چھوڑ کر فرار ہوگئے، جس کے بعد پولیس نے کمیں گاہیں نذر آتش کر دیں، اور فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی تلاش جاری ہے۔

کچے کا علاقہ پس منظر

دریائے سندھ جیسے جیسے جنوب کی جانب بڑھتا ہے اس کی موجوں کی روانی سست اور اس کی وسعت میں اضافہ ہوتا جاتا ہے۔ جنوبی پنجاب کے قریب اس کی وسعت اسے ایک بڑے دریا سے کئی ندی نالوں میں تبدیل کر دیتی ہے جن کے درمیان کئی چھوٹے جزیرے نمودار ہوتے ہیں جن تک رسائی ریتلی زمین اور سڑکوں کی عدم موجودگی میں مشکل ہوتی ہے۔ یہ ساحلی پٹی جنوبی پنجاب، بلوچستان، سندھ، خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں کے سنگم پر واقع ہے۔

اسی مشکل کو ڈاکو اپنی آسانی میں بدل کر یہاں پناہ گاہیں بنا کر آس پاس کے علاقوں میں دہشت پھیلاتے ہیں اور پولیس کی دسترس سے دور یہاں پناہ بھی لیتے ہیں اور وقت پڑنے پر قانون نافذ کرنے والوں کا مقابلہ بھی کرتے ہیں۔

Punjab police

kacha operation