شہزاد اکبر اور ماڈل صوفیہ مرزا کیخلاف مقدمہ درج
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ سیکرٹریٹ میں سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں مشیر کی ذمہ داریاں نبھانے والے شہزاد اکبر اور ماڈل صوفیہ مرزا کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے دور میں مشیر کے فرائض انجام دینے والے شہزاد اکبر اور ماڈل صوفیہ مرزا کے خلاف جعل سازی، دھوکہ دہی سے رقم بٹورنے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔
مدعی مقدمے کے مطابق شہزاد اکبر، ماڈل صوفیہ مرزا، ان کے بھائی خرم مرزا اور دیگر ساتھی جعل سازی، دھوکہ دہی اور ناجائز رقم بٹورتے رہے۔
آیف آئی آر کے مطابق مدعی عمر فاروق ظہور کے خلاف انتقامی کارروائی کیلئے جھوٹے مقدمات کے قیام کی کوشش بھی کرتے رہے، ایف آئی آر میں صوفیہ مرزا کی بہن مریم مرزا، مائرہ خرم، عمید بٹ اور علی مردان شاہ بھی نامزد ہیں۔
مدعی عمر فاروق ظہور کی سابقہ اہلیہ صوفیہ مرزا کی درخواست پر ایف آئی اے لاہور کارپوریٹ سرکل نے کارروائی شروع کی تھی، ایف آئی آر کے مطابق شہزاد اکبر نے عمر فاروق ظہور کے خلاف مہم چلانے کیلئے کابینہ کو استعمال کیا تھا۔
Comments are closed on this story.