Aaj News

اتوار, ستمبر 08, 2024  
03 Rabi ul Awal 1446  

شرپسندوں کے خلاف افواج قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، مریم اورنگزیب

زمان پارک آج بھی مجرموں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے، ان سب کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے، وفاقی وزیر
شائع 17 مئ 2023 05:29pm
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب۔ فوٹو — پی آئی ڈی/ فائل
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب۔ فوٹو — پی آئی ڈی/ فائل

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ 9 مئی کو ہنگامہ آرائی اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث شرپسندوں کے خلاف افواج قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ 9 مئی کا دن قومی سانحہ تھا، حساس تنصیبات پر منصوبہ بندی کےذریعے حملے کئے گئے، شہدا کی یادگاروں کو نذر آتش کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے کہنے پر شرپسندوں نے املاک کو نقصان پہنچایا، شرپسندوں نے اسپتال، اسکول، ایمبولینس کو جلایا، شرپسندوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جاسکتی۔

یہ بھی پڑھیں: جناح ہاؤس حملے میں ملوث شرپسندوں کے سیاسی جماعت سے رابطوں کے ثبوت مل گئے

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ مسلح افواج ہماری سرحدوں کی محافظ ہیں، شرپسندوں کے خلاف افواج قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، املاک پر حملوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا، اس ضمن میں قومی سلامتی کمیٹی اس واضح اعلامیہ جاری کر چکی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ زمان پارک مسلح جتھوں کی پناہ گاہ ہے، عمران خان کہہ چکے ہیں اگر مجھے گرفتار کیا گیا تو پھر ردعمل آئے گا، شرپسندوں نے عام آدمی کی سواری میٹرو بس کو بھی نقصان پہنچایا، عمران نے لوگوں کو ملک دشمنی پر اکسایا۔

سیاسی و نجی املاک کے نقصان اور ہنگامہ آرائی پر لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ شرپسندوں نے وہ کیا جو بدترین دشمن بھی نہ کرسکا، زمان پارک آج بھی مجرموں کی پناہ گاہ بنا ہوا ہے، ان سب کا ماسٹر مائنڈ عمران خان ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے اس ملک کی اینٹ سے اینٹ بجا دی جس پر ہمسایہ ملک میں شادیانے بجائے گئے، یہ وہ سانحہ ہے جو میرے اور آپ کے ملک پر حملہ ہے، ہمارے پاس ثبوت موجود ہیں، لہٰذا ان تمام لوگوں کا ٹرائل کیا جائے گا۔

pti

PDM

اسلام آباد

Maryam Aurangzeb

Imran Khan Arrest

Politics may 17 2023